ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کیویز کو ناقص امپائرنگ لے ڈوبی ویسٹ انڈیز فتحیاب

نویں وکٹ کیلیے انیسہ محمد اور شینل ڈیلی کے مابین 45 رنز کی ورلڈ ریکارڈ شراکت، فائنل کھیلنے کے امکانات روشن۔


Sports Desk February 12, 2013
ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز کی انیسہ محمد کیوی وکٹ کے حصول پر مسرور۔ فوٹو : اے ایف پی

پُرجوش ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ویمنز ورلڈ کپ فائنل کھیلنے کے امکانات روشن کر لیے۔

فاتح ٹیم نے نویں وکٹ کیلیے انیسہ محمد اور شینل ڈیلی کے مابین45 رنز کی ورلڈ ریکارڈ شراکت سے تقویت پاتے ہوئے207 کا مجموعہ تشکیل دیا، جواب میں کیویز کو ناقص امپائرنگ لے ڈوبی، ایل بی ڈبلیو کے کئی فیصلے مشکوک رہے،اننگز159رنز پر سمٹ گئی، تباہ کن بولنگ سے فتح کی بنیاد رکھنے ٹریمائن اسمارٹ3 اور اسٹیفنی ٹیلر 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔

تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز نے سپر سکسز مرحلے میں تیسری فتح حاصل کرتے ہوئے آسٹریلیاکے ساتھ فائنل کھیلنے کے امکانات روشن کر لیے، نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں آغاز اچھا نہ ہونے کے باوجود کیریبیئن سائیڈ نے بہتر ٹوٹل حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی،اوپنرز کی ناکامی کے بعد اسٹیفنی ٹیلر 49 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے اسکور 4 وکٹ کے نقصان پر 82 تک پہنچا کر آئوٹ ہوئیں۔



27 رنز بنانے والی دیندرا ڈوٹن سمیت دیگر 4 پلیئرز 159 تک کے سفر میں رخصت ہوگئیں،انیسہ محمد نے 31 رنز کی ناقابل شکست اننگز کے دوران شینل ڈیلے (37) کے ہمراہ نویں وکٹ کیلیے45 کی شراکت بناکر اسکور207 تک پنچانے میں اہم کردار ادا کیا، مورنا نیلسن 3 جبکہ شین رک اور سوزی بیٹس 2،2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں، نیوزی لینڈ کی اننگز ابتدا سے آخر تک تباہی سے دوچار رہی، امپائرز کے فیصلے بھی خلاف گئے، فرانسس میک کے، سارا میگلیشن اور صوفی ڈیوائن کو ٹریمائن اسمارٹ نے ٹیم کی ففٹی مکمل ہونے سے قبل ہی جکڑ لیا۔

کیٹی پرکنز رن آئوٹ ہوئیں تو نکولا برونی کو اسٹیفنی ٹیلر نے چلتا کیا،30 رنز بنانے والی سوزی بیٹس کی اننگز کا خاتمہ انیسہ محمد نے کیا تو ٹوٹل 6 وکٹ پر 83 تھا، بعد ازاں بھی وکٹیں پتوں کی طرح جھڑتی رہیں، ثابت قدمی کامظاہرہ کرتے ہوئے36 رنز بنانے والی راکیل پریسٹ کے رن آئوٹ ہونے سے ویسٹ انڈین فتح کی راہ میں حائل 10ویں اور آخری دیوار بھی 159 پر گرگئی۔بدھ کے میچز سے آسٹریلیا کے ساتھ فائنل کھیلنے والی دوسری ٹیم کا فیصلہ ہوگا، ویسٹ انڈیز 3 فتوحات کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، اسے یلو شرٹس کے مقابل ہونا ہے۔

فتح فیصلہ کن معرکے تک رسائی یقینی بنادے گی، شکست کی صورت میں 2،2 میچ جیتنے والی ٹیموں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے باہمی مقابلے کے نتائج کو دیکھنا ہوگا، جس کی فاتح ٹیم کے پوائنٹس ویسٹ انڈیز کے برابر ہوجائیں گے اور فیصلہ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا،تاحال کیریبئن ٹیم 1.136کی بہتر اوسط کے ساتھ برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔

انگلینڈ کا رن ریٹ 1.079 اور کیویز کا 0.952 ہے، ویسٹ انڈیز کی بڑے مارجن سے شکست اور انگلش ٹیم کی نیوزی لینڈ کے خلاف واضح فرق سے فتح ہی دفاعی چیمپئن کو فائنل کھیلنے کا موقع فراہم کرسکتی ہے، دوسری صورت میں کالی آندھی فیصلہ کن معرکے میں مضبوط آسٹریلوی دیوار گرانے کے لیے کوشاں ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں