افریقہ نیشنز کپ فٹبال نائیجیریا کا 19 سالہ انتطار ختم ٹرافی پر قبضہ

فائنل میں برکینا فاسو کو 1-0 سے شکست، سوکر سٹی میں سنڈے ایمبا کے گول نے ٹیم کی فتح کو یقینی بنایا۔

90 ہزار سے زائد شائقین خوشی سے جھوم اٹھے۔ فوٹو : اے ایف پی

نائیجیریا کاافریقہ نیشنز کپ کو دوبارہ حاصل کرنے کا19 سالہ انتظار ختم ہو گیا، ٹیم نے فائنل میں برکینا فاسو کو 1-0 سے شکست دے کر ٹرافی پر قبضہ جما لیا۔

سوکر سٹی میں فارورڈ سنڈے ایمبا نے ایک حیرت انگیز گول کے ذریعے ٹیم کی فتح کو یقینی بنایا۔ 24 سالہ ایمبا مقامی لیگ میں ویری وولوز کی نمائندگی کرتے اور ہمیشہ کچھ اچھا کرنے کی لگن میں رہتے ہیں، انھوں نے کھیل کے 40 ویں منٹ میں وکٹر موسس کی ایک شوٹ پر ڈیفینڈر سے ٹکرا کر اپنے پاس آنے والی گیندکو جال کی راہ دکھائی، اس موقع پر اسٹیڈیم میں موجود90 ہزار سے زائد نائیجیرین شائقین خوشی سے جھوم اٹھے۔ برکینا فاسوکی ٹیم نے پہلی مرتبہ فائنل تک پہنچنے کے لیے تمام رکاوٹوں کو عبور کیا تھا تاہم اس میچ میں مکمل دباؤمیں دکھائی دی۔

آخری 20 منٹ میں اس نے مقابلہ برابر کرنے کی بھرپورکوشش کی لیکن نائیجیریا کی طرف سے مڈ فیلڈ میں مستعد جون اوبی مائیکل اور بیک میں ایلڈرسن ایچیجلی ، ایفے امبروز اور کینتھ اومیرو نے تمام کوششوں پر پانی پھیر دیا۔ میچ سے قبل برکینا کو اس وقت زبردست توانائی حاصل ہوئی جب کنفیڈریشن آف افریقن فٹبال حکام نے سیمی فائنل میں ریڈکارڈ دکھائے جانے والے ونگر جوناتھن پٹروئیپا کو کھیلنے کی اجازت دیدی، البتہ انھیں امبروز اور اومیرو نے آخر تک دباؤ میں رکھا اور وہ کچھ نہ کرسکے، جیسے ہی کھیل میں دوبارہ تیزی آئی نائیجیریا کو برتری کو بڑھانے کے چار مواقع ملے لیکن پلیئرز اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔




آخری لمحات میں زیادہ کشیدگی دیکھنے میں آئی، برکینا فاسو نے تین ہفتے قبل ابتدائی گروپ میچ میں آخری منٹ میں گول کرکے میچ کو ایک، ایک سے ڈرا کردیا تھا مگر اس بار ایسا نہ ہوا، یہ نائیجیریا کا تیسرا افریقن ٹائٹل ہے، آخری بار ٹیم نے1994 میں فتح کو گلے لگایا تھا، فاتح ٹیم اب برازیل میں شیڈول کنفیڈریشن کپ میں شرکت کرسکے گی جہاں اسے اوشیانا چیمپئن تاہیتی، جنوبی امریکن چیمپئن یوراگوئے اور عالمی چیمپئن اسپین سے مقابلہ کرنا ہوگا۔ نائیجیریا نے 1980 میں پہلی مرتبہ افریقہ نیشنز کپ جیتا جب لاگوس میں الجیریا کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی تھی۔

1996 میں جنوبی افریقہ کے خلاف سرد جنگ کی وجہ سے نائیجیریا کو ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑا تھا۔ حالیہ میچ 56 سال میں تیسرا موقع تھا جب دونوں ممالک مد مقابل ہوئے،1997 میں نائجیریا نے برکینافاسو کو اس وقت کے اپرولٹا میں 4-2 سے ہرایا تھا جبکہ گذشتہ ماہ برکینافاسو نے نیلسپروئٹ گروپ میچ میں نائیجیریا کیخلاف میچ کو ایک، ایک سے ڈرا کیا تھا۔
Load Next Story