اقوامِ متحدہ نے شمالی کوریا پر مزید پابندیاں لگادیں

شمالی کوریا سے کوئلے، لوہے، سیسے اور سی فوڈ کی برآمدات پر پابندی لگائی گئی ہے


ویب ڈیسک August 07, 2017
شمالی کوریائی صدر کم جونگ اُن نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک امریکا کو صفحہ ہستی سے مٹادے گا۔ (فوٹو: فائل)

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے گزشتہ روز ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے شمالی کوریا پر نئی پابندیاں لگادی ہیں۔

یہ فیصلہ بار بار خبردار کیے جانے کے باوجود شمالی کوریا کی جانب سے بیلسٹک میزائل تجربات کے نتیجے میں لگائی گئی ہے۔ اندازہ ہے نئی پابندیوں کے نتیجے میں شمالی کوریا کو عالمی تجارت کی مد میں 3 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑے گا۔

شمالی کوریا کے خلاف یہ سلامتی کونسل میں یہ قرارداد اتفاقِ رائے سے منظور کی گئی ہے جس کا مسودہ امریکا نے تیار کیا تھا جبکہ اس قرارداد کے تحت شمالی کوریا سے کوئلے، لوہے، سیسے اور سی فوڈ کی برآمدات پر پابندی لگائی گئی ہے.

علاوہ ازیں اسی قرارداد کے ذریعے دیگر ممالک کو بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے یہاں شمالی کوریا سے تعلق رکھنے والی افرادی قوت میں مزید کوئی اضافہ نہ کریں جبکہ دوسرے ملکوں کے ساتھ شمالی کوریا کے مشترکہ منصوبوں (جوائنٹ وینچرز) پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

اس موقعے پر اقوامِ متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائل تجربات سے پیدا ہونے والے خدشات سے نمٹنے کےلیے امریکہ ہر ضروری قدم اٹھائے گا جبکہ اپنی اور اپنے اتحادیوں کی حفاظت کےلیے بھی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ شمالی کوریا نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل (آئی سی بی ایم) کا تجربہ کیا تھا جس کے بعد جاری کردہ بیان میں اس نے کہا تھا کہ یہ آئی سی بی ایم لاس اینجلس اور شکاگو سمیت کئی امریکی شہروں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

امریکی پابندیوں کے جواب میں شمالی کوریا کے صدر کم جونگ اُن نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک امریکا سے انتقام لے گا اور اسے صفحہ ہستی سے مٹادے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں