ایران ایٹمی قوت ہے اسپیکر علی لاریجانی کا انکشاف

کسی نے حملہ کیا تو اسے مہنگا پڑیگا،اسرائیل میں جرأت نہیں،امریکا ایسی غلطی نہیں کریگا


Jawed Chowhdray February 12, 2013
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی ایکسپریس نیوز کے پروگرام کل تک میں گفتگو کررہے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی اکبر لاریجانی نے انکشاف کیا ہے کہ ایران ایٹمی طاقت ہے اور اگر کسی نے ایران پر حملے کی کوشش کی تو اسے یہ حملہ مہنگا پڑے گا۔

ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ کسی ملک کے دفاع کے لیے صرف ایٹمی اسلحہ کافی نہیں اس کے لیے دیگر عوامل بھی ضروری ہیں اور ہم ہر طرح ایران کی حفاظت کرسکتے ہیں، ہم صرف ایٹمی ہتھیاروں پر انحصار نہیں کررہے، ہم دفاعی شعبوں میں بھی مضبوط ہیں، ڈاکٹر علی لاریجانی سے سوال کیا گیا کہ اگر اسرائیل ایران کے خلاف جارحیت کا ارتکاب کیا توکیا ایران اپنی حفاظت کرسکے گا، اس پر ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے ٹھوس لہجے میں جواب دیا اسرائیل میں اتنی جرات اور طاقت نہیں، اسرائیل چھوٹے سے گروپ سے شکست کھاچکا ہے ایران اس سے کہیں بڑا اور مضبوط ملک ہے۔ ڈاکٹر علی لاریجانی ایکسپریس ٹی وی کے پروگرام'' کل تک'' میں گفتگو کررہے تھے۔



یہ پروگرام آج رات10 بجکر3منٹ پر نشر ہوگا، اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ نے واضح الفاظ میں کہا امریکا کبھی ایران پر حملے کی غلطی نہیں کرے گا کیوں کہ یہ اسے مہنگا پڑے گا، اگر کبھی امریکا نے ایران پر حملے کی غلطی کی تو پاکستان کے لوگ اور حکومت ایران کی مدد کرے گی کیوں کہ پاکستان اور پاکستانیوں کے ساتھ ایران کے صدیوں پرانے تعلقات ہیں، پاکستان کے لوگ کبھی امریکا کو اس کی اجازت نہیں دیں گے، انھوں نے کہا کہ امریکا کے افغانستان سے نکلنے کے بعد خطے میں دوبارہ مسائل پیدا ہوجائیں گے،چنانچہ ایران پاکستان اور افغانستان کو اس مسئلے کے حل کیلیے اکٹھے ہو کر کوئی لائحہ عمل تلاش کرنا ہوگا اور ہم اس معاملے میں دونوں ممالک کے میزبان بن سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ امریکا پاکستان اور ایران کی گیس پائپ لائن کو پسند نہیں کرتا اسے طاقت کا گھمنڈ ہے لیکن ہم نے اپنے مفاد ک سامنے رکھ کر فیصلے کرنے ہیں ،ڈاکٹر علی نے پاکستان کو پیش کش کی کہ اگر پاکستان چاہے تو ایران پاکستان کیلیے اپنی سرحدیں کھولنے کیلیے تیار ہے، اگر پاکستان اور ایران کا بارڈر کھل جائے تو دونوں ممالک قریب آجائیں گے۔ ڈاکٹر علی لاریجانی ایران کے انتہائی معتبر خاندان سے تعلق رکھتے ہیں ان کے ایک بھائی چیف جسٹس جبکہ دوسرے ایران کے مشہور مذہبی رہنما ہیں، لاریجانی مستقبل میں ایران کے صدارتی امیدوار بھی ہیں اور ان کے کامیاب ہونے کے امکانات بھی موجود ہیں، آپ یہ انٹرویو آج رات 10بج کر 3منٹ پر ایکسپریس ٹی وی پر ملاحظہ کرسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں