ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے پاکستانی خاتون شہید

بھارتی فورسز نے کریلا اور کھوئی رٹہ سیکٹرز پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک August 07, 2017
بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ایک خاتون زخمی بھی ہوئیں، آئی ایس پی آر۔ فوٹو: فائل

لاہور: لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے ایک بار پھر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی خاتون شہید اور دوسری زخمی ہو گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے کریلا (نکیال) اور کھوئی رٹہ سیکٹرز پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا اور بلا اشتعال شیلنگ کی جس کے نتیجے میں کریلا میں ایک خاتون شہید جبکہ کھوئی رٹہ سیکٹر میں ایک خاتون شدید زخمی ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا اور دشمن کے چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پربھارتی فوج کی بلااشتعال گولہ باری، 3 شہری زخمی

بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والی خاتون کی شناخت 45 سالہ منیر بیگم کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی ہونے والی خاتون کی شناخت مسرت بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھی بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جس سے دشمن کی توپیں خاموش ہو گئیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 31 جولائی کو بھی بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 13 سالہ بچی زخمی ہو گئی تھی جبکہ 21 جولائی کو بھارتی فائرنگ سے ایک کم عمر لڑکا شہید اور اس کے خاندان کے تین افراد زخمی ہوئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں