نگراں حکومت کے قیام کا جلد فیصلہ ملک کے مفاد میں ہوگا نوازشریف

قومی سطح پر نگراں حکومت کے قیام کے لئے اپنا ہوم ورک مکمل کرلیا مگر صوبائی سطح پر ابھی نہیں کیا گیا، نواز شریف


ویب ڈیسک February 12, 2013
قومی سطح پر نگراں حکومت کے قیام کے لئے اپنا ہوم ورک مکمل کرلیا مگر صوبائی سطح پر ابھی نہیں کیا گیا، نواز شریف فوٹو: فائل

مسلم لیگ(ن) کے صدر نوازشریف نے کہا ہے کہ نگراں حکومت کے قیام سے متعلق جتنی جلد فیصلہ ہوجائے وہ ملک وقوم کے مفاد میں ہے، طاہرالقادری کا ایجنڈا انتخابات کو سبوتاژ کرنا ہے۔

لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف نے کہا کہ طاہرالقادری جن کی غیرملکی شہریت ہے اور جنہوں نے ملکہ سے وفاداری کا حلف اٹھا رکھا ہو وہ آکر قوم کو ایک ایسے وقت پر درس دیں جب عام انتخابات ہونے جارہے ہیں تو اس کا صاف مطلب ہے کہ وہ الیکشن کو سبوتاژ کرانا چاہتے ہیں ، قوم کو اور طاہرالقادری کے پیروکاروں کو ان کی ایسی باتوں کوسمجھنا چاہئے کہ نہ ان کا طریقہ ٹھیک ہے اورنہ ہی نیت۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ملک کے مفادات کا تحفظ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اورہمیشہ پاکستان کے مفادات کومقدم جانا۔

نوازشریف نے کہا کہ قومی سطح پر نگراں حکومت کے قیام کے لئے مسلم لیگ (ن) نے اپنا ہوم ورک مکمل کرلیا ہے مگر صوبائی سطح پر ابھی نہیں کیا گیا، نگراں وزیراعظم ایسا ہونا چاہئے جس پرتمام جماعتوں اورقوم کو اعتماد ہوتا کہ آئندہ ہونے والے عام انتخابات پرکوئی انگلی نہ اٹھاسکے، انہوں نے کہا کہ بدقسمتی کی بات یہ ہے وہ جماعتیں جو جانتی ہیں کہ انتخابات نہیں جیت پائیں گی وہی الیکشن ملتوی کرانے کے حربے استعمال کررہی ہیں۔

صدرمسلم لیگ (ن) نوازشریف سے جب سوال کیا گیا کہ صدرآصف زرداری لاہورمیں ہیں اوروہ آپ سے بھائی کے انتقال پرتعزیت کے لئے ملنا چاہتے ہیں تو نوازشریف نے کہا کہ میرے بھائی کے انتقال کے 10 دن کے بعد آصف زرداری نے ٹیلی فون پر تعزیت کرلی تھی اس کے علاوہ میں اس پرکچھ کہنا نہیں چاہتا۔

نوازشریف نے کہا کہ وہ پاکستان اوربھارت کے درمیان بہترتعلقات کے حامی ہیں لیکن تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی، بھارت کو بھی اپنے گریبان میں جھانک کردیکھنا چاہئے، دونوں ممالک کو چاہئے کہ نیک نیتی سے امن عمل کوآگے بڑھائیں اور اس میں نہ توکوئی رکاوٹ کھڑی کریں اورنہ ہی کوشش کی جائے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی قومی مسئلہ ہے اورعوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے اس حوالے سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں شہبازشریف، چوہدری نثارعلی خان اور راجہ ظفرالحق مسلم لیگ(ن) کی جانب سے شرکت کریں گے.

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں