مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے مزید 4 کشمیریوں کو شہید کردیا

بھارتی فوج نے پلوامہ میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران 3 نوجوانوں کو شہید کیا


ویب ڈیسک August 09, 2017
قابض فورسز نے مظاہرہ کرنے والوں پر پیلٹ گنز اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔ فوٹو: فائل

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کی آڑ میں مزید 4 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔

بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا تازہ واقعہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں پیش آیا جہاں قابض فورسز نے ترال کے علاقے گلاب باغ میں نام نہاد سرچ آپریشن کیا اور اس دوران تین بے گناہ کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ واقعے کے بعد علاقہ مکینوں نے بھارتی تسلط کے خلاف احتجاج شروع کردیا اور سڑکیں بلاک کردیں، مظاہرین نے فورسز کی جانب سے کیے جانے والے نام نہاد آپریشنز کی بھی مذمت کی اور بھارت مخالف نعرے بلند کیے۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے مزید 6 کشمیریوں کو شہید کردیا

بھارتی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پیلٹ گنز اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے بعد مظاہرین اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان تصادم ہوگیا۔ بھارتی فائرنگ سے متعدد کشمیری زخمی بھی ہوئے جن میں سے ایک 16 سالہ لڑکا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کا بہانہ بنا کر 6 کشمیریوں کو شہید کردیا تھا جس کے خلاف بھی بڑی تعداد میں کشمیریوں نے احتجاج کیا تھا جب کہ پاکستان نے بھی اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں سے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔