نوازشریف بتائیں کون ان کے خلاف سازش کر رہا ہے قمر زمان کائرہ

میاں صاحب کے خلاف ریفرنس ہونے جا رہا ہے اس لیے وہ اپنے خلاف کیسوں میں دباؤ بڑھانا چاہتے ہیں، رہنما پیپلزپارٹی


ویب ڈیسک August 09, 2017
میاں صاحب کےخلاف ریفرنس ہونے جا رہا ہےاس لیے وہ اپنے خلاف کیسوں میں دباؤ بڑھانا چاہتے ہیں، رہنما پیپلزپارٹی ۔ فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف یہ کہتے آ رہے ہیں کہ ان کے خلاف سازش ہو رہی ہے جب کہ میں انہیں کہتا ہوں کہ وہ ہمیں بتائیں کہ کون ان کے خلاف سازش کر رہا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے عدالتی فیصلہ قبول کرنے کا کہا تھا کہ عدالت جو بھی فیصلہ دے گی وہ انہیں منظور ہو گا اور عدالتی فیصلے کی روشنی میں ہی میاں صاحب کو عہدے سے الگ ہونا پڑا جس پر وہ عدالتی فیصلے کو سازش قرار دے رہے ہیں البتہ آج عدالتی فیصلے کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ دنیا دیکھ رہی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ نوازشریف نے عوام میں جانے کا فیصلہ کرنے میں دیر کردی، خورشید شاہ

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف یہ کہتے آ رہے ہیں کہ ان کے خلاف سازش ہو رہی ہے، ہم ان سے پوچھتے ہیں کہ وہ بتائیں کہ ان کے خلاف کون سازش کررہا ہے، ابھی تو ان کے خلاف صرف ایک فیصلہ آیا تو کہہ رہے ہیں ملک خطرے میں ہے جب کہ ہم نے انہیں بار بار کہا کہ آپ کو خطرات ہیں تو قومی قیادت کو بتانا چاہیئے، لیکن اس کا کیا کیا جائے کہ خود میاں صاحب نے بھی ایک صدر اور ایک چیف جسٹس کو گھر بھجوایا تھا۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نے نوازشریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو 5 ججوں نے متفقہ طور پر گھر بھیجا اور اب آپ کے خلاف ریفرنس ہونے جا رہا ہے اس لیے پریشان ہیں جب کہ میاں صاحب اپنے خلاف کیسوں میں دباؤ بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب ابھی لاڈلے ہیں ابھی بھی آپ پر ہاتھ ہولا ہے، نواز شریف کنٹینر کنٹینر کرتے خود کنٹینر پر چڑھ گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔