قطر کا 80 ممالک کیلئے ویزا فری سہولت کا اعلان

ان ممالک میں بھارت، امریکا، برطانیہ، جنوبی افریقا، سیچیلیس، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ و دیگر شامل ہیں۔


ویب ڈیسک August 09, 2017
80 ممالک کے شہریوں پر ایئرپورٹ پر ہی ویزا سے استثنیٰ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ فوٹو: فائل

قطر نے 80 ممالک کے شہریوں کے لیے بغیر ویزا داخلے کی سہولت کا اعلان کر دیا۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق قطری حکام نے اعلان کیا ہے کہ 80 ممالک کے شہری اب بغیر ویزا ان کے ملک میں داخل ہو سکیں گے اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔ جن ممالک کے شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ان میں بھارت، امریکا، برطانیہ، جنوبی افریقا، سیچیلیس، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ و دیگر شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ان 80 ممالک کے وہ شہری جو قطر آنے کے خواہش مند ہیں انہیں پیشگی ویزا لینے کی ضرورت نہیں ہو گی بلکہ قطر پہنچنے پر ایئرپورٹ پر ہی انہیں ملٹی انٹری ویزا جاری کیا جائے گا جو بالکل مفت ہو گا۔ ویزا حاصل کرنے والے افراد کو محض اپنا پاسپورٹ دکھانا ہو گا جس کے ختم ہونے کی معیاد چھ ماہ سے زیادہ ہونی چاہیئے جبکہ ساتھ ہی انہیں ریٹرن ٹکٹ بھی پیش کرنا ہو گا۔

ان ملکوں کے شہریوں کو ایئرپورٹ پر ہی ویزے سے استثنیٰ کی سہولت دی جائے گی جو 180، 90 یا پھر 30 دن کے لیے اور قابل تجدید ہو گی۔ قطر کے قائم مقام چیئرمین برائے سیاحتی اتھارٹی حسان الابراہیم کا کہنا ہے کہ 80 ممالک کے لیے ویزا فری انٹری کی سہولت کے ساتھ قطر خطے میں سب سے زیادہ قابل رسائی ملک بن گیا ہے اور ہم ان ممالک کے شہریوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ قطر آئیں اور ہماری میزبانی، ثقافت اور قومی ورثے سے محظوظ ہوں۔

قطر کی جانب سے فراہم کی جانے والی 80 ممالک کی فہرست میں پاکستان کا نام شامل نہیں ہے۔ خیال رہے کہ سعودی عرب سمیت 5 خلیجی ممالک نے دہشت گردوں کی حمایت کا الزام عائد کرکے قطر کا بائیکاٹ کر رکھا ہے اور اس پر اقتصادی پابندیاں بھی عائد کر دی ہیں جس کے بعد قطر اپنی معیشت کو مستحکم رکھنے کے لیے مختلف طریقے آزما رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔