’’ روزانہ پالتو جانور ساتھ لے کر دفتر آئیں ‘‘

تھائی کمپنی کی ملازمین کو ہدایت


غزالہ عامر August 10, 2017
تھائی کمپنی کی ملازمین کو ہدایت

KARACHI: دفاتر میں کام کرتے ہوئے ملازمین اکثر و بیشتر ذہنی و جسمانی تھکاوٹ کا شکار ہوجاتے ہیں۔ خاص طور سے وہ اہل کار اسٹریس میں مبتلا ہوجاتے ہیں جن کے کام کی نوعیت تخلیقی ہوتی ہے۔

چوں کہ انھیں دماغ پر زیادہ زور دینا پڑتا ہے اس لیے مسلسل مصروفیت انھیں ذہنی طور پر تھکادیتی ہے۔ جب دماغ تھک جائے تو پھر جسم بھی تھکاوٹ محسوس کرنے لگتا ہے۔ ملازمین کا اسٹریس میں مبتلا ہونا ادارے کی کارکردگی پر اثرانداز ہوتا ہے۔ اسی لیے کئی کمپنیاں ملازمین کو ذہنی طور پر تروتازہ رکھنے کے لیے مختلف اقدامات کرتی ہیں۔ کچھ کمپنیاں اوقات کار کے دوران سستانے کے لیے وقت دیتی ہیں۔ کئی ادارے اپنے ملازمین کو یہ سہولت دے رہے ہیں کہ وہ کام کے دوران مختصر وقفے میں سو بھی سکتے ہیں۔

ملازمین کو تازہ دم رکھنے کے لیے تھائی لینڈ کی ایک کمپنی نے منفرد اقدام اٹھایا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کو اپنے پالتو جانور ساتھ دفتر لے آنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ بلکہ ان کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے کہ وہ دفتر آتے ہوئے اپنے پالتو جانور، خصوصاً کتے ساتھ لے کر آئیں۔ Adyim ایک ڈیجیٹل مارکیٹنگ کمپنی ہے۔ اس کا صدردفتر بنکاک میں ہے۔ کمپنی کے بیشتر ملازمین صبح سویرے جب دفتر میں داخل ہوتے ہیں تو بیشتر کی گود میں چھوٹی نسل کے پالتو کتے ہوتے ہیں۔ جب وہ کام میں مصروف ہوتے ہیں تو کتے ان کی میز پر ہی بیٹھے ہوتے ہیں۔ ملازمین ایک ہاتھ سے کمپیوٹر کا ماؤس چلاتے ہیں اور دوسرے ہاتھ سے کتے کو سہلا رہے ہوتے ہیں۔

ملازمین کو پالتو جانور ہمراہ لانے کی ترغیب یا ہدایت دینے کا خیال کمپنی کی مینیجر Anankanat Kongphanich کے ذہن میں آیا تھا۔ مالکان کی منظوری کے بعد اس نے ملازمین کے لیے ہدایات جاری کیں کہ وہ پالتو جانور اپنے ہمراہ لایا کریں۔ کئی کمپنیاں عوام الناس کی توجہ حاصل کرنے کے لیے انوکھے اقدامات کرتی ہیں مگر انانکانات کے مطابق ان کے اس اقدام کے پس پردہ ایسا کوئی مقصد نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ٹیم کو اوقات کار کے دوران پُرسکون اور ذہنی دباؤ سے دور دیکھنا چاہتی تھیں، تاکہ وہ زیادہ دل جمعی کے ساتھ کام کرے۔ دراصل پالتوجانور ہمراہ لانے کے ضمن میں ملازمین کی حوصلہ افزائی کرنے کا خیال اسے ایک تحقیق پڑھنے کے بعد آیا تھا۔ منیسوٹا یونی ورسٹی کی اس تحقیق میں ماہرین نے بتایا تھا کہ جائے کار پر پالتو جانور ہمراہ رکھنے سے اسٹریس میں کمی آتی ہے اور کارکردگی بڑھ جاتی ہے۔

انانکانات کہتی ہیں کہ جب سے انھوں نے ملازمین کے لیے یہ ہدایات جاری کی ہیں دفتری ماحول اور ان کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ اس تحقیق کے علاوہ انانکانات نے غالباً ایک جاپانی کمپنی سے متأثرہوکر یہ انتظامی اقدام اٹھایا ہے۔ دو سال پہلے فیرے کارپوریشن نامی جاپانی کمپنی نے اپنے ملازمین کو دفتر آتے ہوئے اپنی پالتو بلی ہمراہ لانے کا پابند کردیا تھا۔ مقصد ملازمین میں اسٹریس کم کرنا اور ان کی کارکردگی بڑھانا تھا۔ اس اقدام کے مثبت نتائج برآمد ہوئے تھے۔ انانکانات بھی ملازمین کی کارکردگی میں بہتری نوٹ کررہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے وہ چاہتی ہیں کہ ملازمین دفتر کو جائے کار کے بجائے اپنے دوسرے گھر کے مانند محسوس کریں۔ پالتو جانور کا ساتھ اس ضمن میں معاون ثابت ہورہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔