دہرے بلدیاتی نظام کیخلاف 16 فروری سے تحریک چلائینگے پلیجو

سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق کراچی میں نئی حلقہ بندیاں اور نوگو ایریاز ختم کرائے جائیں

ایاز پلیجو نے کہاکہ اکبر منگھار جیسے قومی ہیرو کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی. فوٹو: ایکسپریس/ فائل

KARACHI:
دہرے بلدیاتی نظام، ٹارگٹ کلنگ، دہشت گردی، سندھ دشمن منصوبوں کے خلاف بھرپور تحریک شروع کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجو نے ٹنڈوالٰہیار عوامی تحریک کے ضلعی صدر مرحوم اکبر منگھار کے انتقال پر تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ ایاز پلیجو نے کہاکہ اکبر منگھار جیسے قومی ہیرو کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔




انھوں نے کہاکہ وہ ایک جرأت مند، بہادر اور دیانتدار قومی ہیرو تھے اور سندھ کی سیاست میں اپنا لوہا منوا چکے تھے، انھوں نے کہاکہ 16 فروری سے سندھ کے درجن سے زائد اضلاع میں بلدیاتی نظام کے خاتمے،کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے خلاف تحریک شروع کی جائے گی۔

انھوں نے کہاکہ کراچی میں نئی حلقہ بندیاں سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق کی جائیں اور کراچی میں نوگوایریاز کا خاتمہ بھی فوری کیا جائے، سندھ میں خاکروب سے لے کر اسکول ٹیچر کی نوکریاں فروخت ہورہی ہیں اور کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم ہے، بے گناہوں کو چن چن کر قتل کیا جارہا ہے۔
Load Next Story