نوازشریف کی ریلی گوجرانوالہ پہنچ گئی

نوازشریف گجرات میں جلسہ عام سے خطاب کے بعد گوجرانوالہ کے لیے روانہ ہوں گے

گوجرانوالہ کے سابق میئر بابو جاوید کے گھر میں میاں نواز شریف کو ٹھہرانے کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں

ISLAMABAD:
گجرات میں جلسہ عام سے خطاب کے بعد نواز شریف کی ریلی گوجرانوالہ پہنچ گئی ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق گزشتہ شام نوازشریف کا قافلہ راولپنڈی سے جہلم پہنچا تھا جہاں انہوں نے جلسہ عام سے خطاب کیا اور رات وہیں ایک ہوٹل میں قیام کیا تھا۔ ریلی آج اپنے تیسرے مرحلے میں جی ٹی روڈ سے لاہور کی جانب رواں دواں ہے جہاں نوازشریف نے گجرات میں جلسہ عام سے خطاب کیا اور کچھ دیر آرام کے بعد قافلہ اب گوجرانوالہ پہنچ گیا،

سابق وزیراعظم کا قافلہ گوجرانوالہ پہنچنے پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور اس موقع پر آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا جب کہ نوازشریف گوجرانوالہ کی عوام سے بھی خطاب کریں گے اور آج رات یہی قیام کریں گے۔

نوازشریف کی سیکیورٹی کے لیے سرائے عالمگیر سے گجرات تک جی ٹی روڈ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ ایلیٹ فورس کی 16 گاڑیاں نوازشریف کو سکیورٹی فراہم کررہی ہیں۔


سرائے عالمگیر پہنچنے پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے نواز شریف کا بھرپور انداز میں استقبال کیا، ان کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں تاہم سابق وزیر اعظم کا قافلہ سرائے عالمگیر اور پھر کھاریاں میں قیام کے بجائے لالہ موسیٰ پہنچا جہاں کچھ دیر قیام کے بعد قافلہ گجرات کی جانب روانہ ہوگیا۔

اس خبرکو بھی پڑھیں: نواز شریف کے خلاف غداری اور توہین عدالت کی درخواست دائر

دوسری جانب گوجرانوالہ کے سابق میئر بابو جاوید کے گھر میں میاں نواز شریف کو ٹھہرانے کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں، میاں نواز شریف کے لئے ڈائننگ ہال اور آرام کے لیے خصوصی کمرہ بھی تیار کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ نوازشریف بدھ کو ریلی کی شکل میں بذریعہ جی ٹی روڈ لاہور کے لیے روانہ ہوئے تھے تاہم بدھ کی رات انہوں نے راولپنڈی جب کہ گزشتہ رات جہلم میں گزاری ہے۔

Load Next Story