تمام آئینی اداروں کو پارلیمان کی عزت کرنا ہوگی مریم اورنگزیب

ملکی تاریخ میں ایسا کیوں ہے کہ اسمبلیاں بار بار تحلیل کردی جاتی ہیں، وزیراطلاعات

ملکی تاریخ میں ایسا کیوں ہے کہ اسمبلیاں بار بار تحلیل کردی جاتی ہیں، وزیراطلاعات۔ فوٹو: فائل

FAISALABAD:
وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ ملک کا سب سے زیادہ خود مختار ادارہ ہوتا ہے لہذا تمام آئینی اداروں کو پارلیمان کی عزت کرنا ہوگی۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہمیں بچوں میں قومی ترانے سے تعلق پیدا کرنا ہے، نئی نسل کو اسلاف کی کامیابیوں اور کارناموں سے روشناس کرانے اور نصاب میں اپنے تابناک ماضی کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ آئین کو پڑھے بغیر حقوق اور فرائض سے آگاہی ممکن نہیں جب کہ آئین سے دوری کی صورت میں عام آدمی کے حقوق کا تحفظ نہیں ہوسکتا۔


مریم اورنگزیب نے کہا کہ جمہوریت کے تسلسل کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کرسکتا، پاکستان میں عوام کی مرضی کو تحفظ دینے کی ضرورت ہے، عدم تحفظ سے لوگ بے یقینی کی صورتحال کا شکار رہتے ہیں۔ 70 سال میں کوئی بھی وزیراعظم اپنی مدت پوری نہیں کرسکا جب کہ ملکی تاریخ میں ایسا کیوں ہے کہ اسمبلیاں بار بار تحلیل کردی جاتی ہیں، آمریت کے دور میں خالی صفحات پر مشتمل اخبارات شائع ہوتے رہے تاہم تمام اداروں کو آئین اور قانون کی پاسداری کرنا ہوگی۔ پارلیمنٹ ملک کا سب سے زیادہ خود مختار ادارہ ہوتا ہے لہذا تمام آئینی اداروں کو پارلیمان کی عزت کرنا ہوگی کیونکہ پارلیمنٹ خود مختار ہوگی تو عوام کے حقوق کی بات ہوگی۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف نے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے عملی کام کیا، سی پیک کے ثمرات نوجوان نسل کو ملیں گے جب کہ 2013 میں دہشت گردی کے واقعات اوسطً ڈھائی ہزار سالانہ تھے، 4سال میں دہشت گردی کے واقعات میں 92 فیصد کمی ہوئی۔ نوازشریف کی قیادت میں مشکل ترین سفر کو مکمل کررہے ہیں، 4سال میں ملک میں بدعنوانی میں نمایاں کمی ہوئی جب کہ نوازشریف کے تمام ادوار میں ان پر کوئی بدعنوانی ثابت نہیں ہوئی۔
Load Next Story