دوسرا ٹی 20 کیویز کا پلٹ کر وار انگلینڈ کے تمام حربے بیکار

55 رنزکی فتح،سیریز1-1 سے برابر، میک کولم کی طوفانی اننگز، جمعے کو فیصلہ کن معرکہ۔

ہیملٹن: کیوی بیٹسمین برینڈن میک کولم چھکا لگارہے ہیں، انگلینڈ کیخلاف انھوں نے 74 رنز بنائے۔ فوٹو: فائل

پہلا ٹوئنٹی20 ہارنے والی کیوی ٹیم نے دوسرے میچ میں پلٹ کر وار کرتے ہوئے انگلینڈ کے تمام حربے بیکار کر دیے۔

میزبان سائیڈ نے یہ مقابلہ 55 رنز سے جیتا، سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی،فیصلہ کن معرکہ جمعے کو ویلنگٹن میں ہو گا، منگل کو نیوزی لینڈ کی فتح میں اہم کردار برینڈن میک کولم نے ادا کیا، ان کے 74 رنز کی بدولت ٹیم نے 6 وکٹ پر 192 کا مجموعہ پایا، مہمان سائیڈ کی مزاحمت137 رنز پر دم توڑ گئی، جوز بٹلر نے نصف سنچری بنائی،جیمز فرینکلن نے4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔




تفصیلات کے مطابق سڈون پارک، ہیملٹن میں انگلینڈ کو فتح کیلیے193 کا مشکل ہدف ملا، بیٹسمین ابتدا سے ہی دبائو کا شکار نظر آئے اور47 رنز پر آدھی ٹیم پویلین جا پہنچی، وکٹ کیپر بیٹسمین جوز بٹلر نے 53 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی سنچری مکمل کرائی،انھوں نے یہ اسکور صرف30 گیندوں پر9 چوکوں و ایک چھکے کی مدد سے بنایا، مائیکل لمب17،ایون مورگن13 اور جیمز ٹریڈویل 22 رنز ڈبل فیگر میں داخل ہونے والے دیگر پلیئرز ثابت ہوئے، جیمز فرینکلن نے صرف15 رنز دے کر4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، مچل میک کلینگن اور ای ین بٹلر کو2،2 وکٹیں ملیں۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹ پر192 رنز بنائے، مارٹن گپٹل (47) اور ہمیش ردرفورڈ (40) نے9 رنز فی اوور سے زائد کی اوسط سے75 کا آغاز فراہم کیا، برینڈن میک کولم نے 74 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، انھوں نے 38 گیندوں کا استعمال کیا اور6 چوکے و 5 چھکے لگائے، میک کولم نے اننگز کے 19 ویں اوور میں 3 چھکوں کی مدد سے 22 رنز بٹورے بدقسمت بولر اسٹورٹ براڈ تھے،ڈیرن بیچ نے 38 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں، لیوک رائٹ نے2 پلیئرز کو میدان بدر کیا۔
Load Next Story