نواز شریف کے قافلے میں شامل ایلیٹ فورس کی گاڑی نے 12 سالہ بچہ کچل ڈالا

12 سالہ حامد سڑک کنارے کھڑا تھا کہ نوازشریف کے اسکواڈ میں شامل ایلیٹ فورس کی گاڑی نے ٹکر دے ماری


ویب ڈیسک August 11, 2017
قافلے میں شامل کسی بھی گاڑی یا اہلکار نے بچے کو اٹھانے کی زحمت گوارہ نہیں کی فوٹو: ایکسپریس نیوز

جہلم سے لاہور جانے والی ریلی میں نوازشریف کے قافلے میں شامل ایلیٹ فورس کی گاڑی نے 12 سالہ بچے کو کچل ڈالا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم کے منصب سے نااہل ہونے والے نوازشریف کی ریلی اب گجرات پہنچ چکی ہے اور ان کے قافلے میں شامل درجنوں گاڑیوں نے اپنے قائد کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔ لالہ موسی کے قریب نوازشریف کے قافلے میں شامل ایلیٹ فورس کی گاڑی نے ایک 12 سالہ بچے کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں بچے کی ہلاکت واقع ہوگئی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: بلاول بھٹوزرداری کے وی آئی پی پروٹوکول نے 10 ماہ کی بچی کی جان لے لی

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ 12 سالہ حامد سڑک کنارے کھڑا تھا کہ نوازشریف کے اسکواڈ میں شامل ایلیٹ فورس کی گاڑی نے اسے ٹکر مار دی اور برق رفتاری سے آگے کی جانب نکل گئی جب کہ قافلے میں شامل کسی بھی گاڑی یا اہلکار نے بچے کو اٹھانے کی زحمت گوارہ نہیں کی۔ عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت بچے کو قریبی اسپتال پہنچایا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔ واقعے کے بعد بچے کی والدہ بے ہوش ہے جب کہ والد کو دل کا دورہ پڑ گیا ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر نے واقعے پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی ریلی پاکستان بچانے کی ریلی ہے اور پاکستان کے لیے لاکھوں انسانوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی۔ یہ بچہ بھی پاکستان کے لیے قربان ہوا ہے۔ اللہ اس کے درجات بلند کرے۔

وزیر ریلوے سعد رفیق کا کہنا ہے تھا کہ معصوم بچہ جدوجہد کے راستے کا پہلا شہید ہے، بچہ گاڑی کی زد میں آکر شہید ہوگیا، ہمارے ساتھی بچے کے گھر گئے ہیں اور ہمیں خاندان سے دلی ہمدردی ہے۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ حامد کی ہلاکت حادثے میں میاں نواز شریف کے قافلے میں شامل کسی گاڑی سے نہیں ہوئی، نواز شریف کے اسکواڈ سکواڈ کی گاڑیاں بہت آہستہ چل رہی ہیں کسی دوسری گاڑی سے بچے کی ہلاکت ہوئی ہے تاہم بچے کی ہلاکت سے متعلق مقامی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ جاں بحق ہونے والے بچے کے ورثا کی امداد کی جائےگی۔

نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ بچے کی ہلاکت کے واقعے پرانتہائی افسوس ہے، مقامی قیادت کو بچے کے گھر پہنچنے کا کہا گیا ہے۔



تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |