جشن آزادی سائرہ پیٹر نے ملی نغمہ ’’اے سر زمین‘‘ ریلیز کر دیا

14اگست کو لندن میں پاکستانی سفارتخانے میں گلوکارہ سائرہ پیٹر کے نغمے کی تعارفی تقریب منعقد کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے

ملی نغمہ تیار کرنے میں دوسال لگ گئے، وڈیو میں قومی ہیروز کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا ہے ،سوشل میڈیا زبردست پزیرائی۔ فوٹو : فائل

لندن میں مقیم پاکستان کی پہلی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر نے جشنِ آزادی کے موقع پر ''اے سرزمین'' کے عنوان سے روح کو گرمانے دینے والا ملی نغمہ ریلیز کردیا۔

ملی نغمہ کی وڈیوکو پہلے ہی دن سے سوشل میڈیا پر زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔ نامور ڈراما نگار اور کمپیئر انور مقصود نے بھی وڈیو میں حصہ لیا ہے۔ سائرہ پیٹر 70 ویں جشن آزادی کے جشن میں برابر شریک ہیں۔ سائرہ پیٹر نے ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ نغمہ انھوں نے دوچار ہفتوں میں نہیں، بلکہ دوبرسوں میں تیارکیا ہے۔ دو برس پہلے بھی اس نغمے کو تیار کیاتھا لیکن وہ اس کی موسیقی سے مطمئن نہیں تھیں، اس لیے مزید بہتر بنانے کے لیے خوب محنت کی۔ یہ نغمہ اب جاکر2017ء میں مکمل ہوا۔

14 اگست 2017 کو لندن میں قائم پاکستان ایمبسی میں سائرہ پیٹر کے نغمے ''اے سرزمین پاکستان'' کی شاندار انداز میں تعارفی تقریب کا اہتمام کیا جارہا ہے۔اس نغمے کی موسیقی، شاعری اور وڈیوز کاخیال' سائرہ پیٹر کا اپنا ہے۔انھوں نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ''اے سرزمین'' کی وڈیو میں پاکستان کے قومی ہیروز کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا، مجھے نت نئے تجربات کرنے کی عادت سی ہوگئی ہے۔

سائرہ پیٹر نے سندھ کے صوفی بزرگ شاعر شاہ عبداللطیف بھٹائی کے کلام کو انگریزی اور اوپیرا موسیقی میں تبدیل کرکے دنیا بھر میں پیش کیا۔ وہ اپنے فن موسیقی اور مختلف راگوں کی وجہ سے لندن کے ثقافتی منظرنامے پر چھاگئی۔ رائل البرٹ ہال'لندن میں آئندہ ماہ سے تقریباً دوسو انگریز میوزیشن کے ساتھ مشرقی لباس پہن کر اوپیرا میں شاہ عبداللطیف بھٹائی کا کلام پیش کریں گی۔


شاہ عبداللطیف کے کلام کے بارے میں وہ کہتی ہیں کہ شاہ عبداللطیف بھٹائی کے کلام میں سندھ کی دھرتی کی خوشبو اور نسائی مہک رچی بسی ہے۔ انھوں نے ایک ایسے وقت میں عورت کو اپنے کلام میں معتبر مقام عطاکیا، جب معاشرے میں عورت کی بے توقیری عام تھی۔ شاہ صاحب نے عورت کے ظاہری حسن و جمال کے بجائے، باطنی صفات، پیکروایثار کو اہمیت دی۔

واضع رہے کہ رواں برس جب وہ کراچی آئی تھیں تو انھوں نے شاندار کانسرٹ کیے۔ گورنر ہاؤس کراچی میں دو مرتبہ ان کی محفلِ موسیقی رکھی گئی، اسی طرح آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ان کے اعزاز میں محفلِ موسیقی کا اہتمام کیا گیا، جس میں انھوں نے برِصغیر کے نامور موسیقاروں اور گلوکار کو خراج تحسین پیش کیا۔

نامور اداکار اور پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (PNCA) کے ڈائریکٹر جنرل جمال شاہ نے سائرہ پیٹر کے اعزاز میں پروقار تقریب کا اسلام آباد میں اہتمام کیا، جس میں اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ سائرہ نے PNCA کے خوب صورت ہال میں مسلسل تین گھنٹے تک سْروں کی برسات کی۔

https://www.youtube.com/watch?v=s4FUyjdi_Wo
Load Next Story