حسین نواز کی تصویر لیک کرنیوالے ذمے دار کا نام وزیراعظم کو ارسال

اس شخص کا نام افشا کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کریں گے۔

سوشل میڈیا پر حسین نواز شریف کی جے آئی ٹی میں پیشی کی ایک تصویر وائرل ہوئی تھی۔ فوٹو: فائل

اٹارنی جنرل آف پاکستان اشتر اوصاف علی نے پاناما لیکس معاملے کی تحقیقات کیلیے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں پیشی کے دوران سابق وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز کی تصویر لیک کرنے کے ذمے دار شخص کا نام وزیر اعظم کو بھیج دیا ہے۔


ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیانے سر بمہر لفافے میں تصویر لیک کرنے والے کا نام اٹارنی جنرل اشتر اوصاف علی کو بھجوایا تھا اور اٹارنی جنرل نے گزشتہ روز لفافہ وزیراعظم کو بھیج دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس شخص کا نام افشا کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کریں گے۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر حسین نواز شریف کی جے آئی ٹی میں پیشی کی ایک تصویر وائرل ہوئی تھی جس کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائرکی گئی تھی۔درخواست میں سپریم کورٹ سے تصویر لیک کرنے والے کا تعین کرکے اسے سامنے لانے کی استدعاکی گئی تھی۔ پاناما عملدرآمد بینچ نے جے آئی ٹی کو ذمے دارکا نام اٹارنی جنرل کو فراہم کرنے کا حکم دیا تھا اور نام عام کرنے اور ان کیخلاف کارروائی کرنے کا معاملہ حکومت کی صوابدید پر چھوڑا تھا۔
Load Next Story