انڈونیشین شخص کے پیٹ سے گھر کی ڈھیروں اشیا برآمد

ہینڈرو کے پیٹ سے پلاسٹک بیگ، سکے، کرنسی نوٹ اور لائٹر سمیت 52 مختلف اشیا برآمد ہوئیں


ویب ڈیسک August 13, 2017
ہینڈرو کے پیٹ سے پلاسٹک بیگ، سکے، کرنسی نوٹ اور لائٹر سمیت 52 مختلف اشیا برآمد ہوئیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا

کچھ لوگوں کو جان بوجھ کر بیماریوں کو گلے لگانے کا شوق ہوتا ہے اور ایسا ہی ایک واقعہ انڈونیشیا میں پیش آیا جہاں ایک شخص نے اپنے پیٹ میں گھر کی بہت ساری اشیا کو دفن کر رکھا تھا، جب ڈاکٹرز نے اس شخص کا جائزہ لیا تو وہ بھی حیران رہ گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈونیشیا کے جمبر شہر کا رہنے والا 30 سال کا نوجوان ''ہینڈرو وجات موكو'' کو گزشتہ کئی دنوں سے پیٹ میں درد کی شکایت تھی، جب وہ اپنا مسئلہ لیکر اسپتال پہنچا تو ڈاکٹرز کو بھی یہی لگا کہ یہ عام درد ہو گا، لیکن جب اس شخص کا ٹیسٹ اور ایکسرے کیا گیا تو سب کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئیں، ٹیسٹ میں انکشاف ہوا کہ ہینڈرو کے پیٹ میں کچھ عجیب و غریب چیزیں موجود ہیں۔



ہینڈرو کی ایکسرے رپورٹ میں سامنے آیا کہ اس کے پیٹ میں کانٹا، آئس كريم اسٹیک، چھوٹی کیل، پلاسٹک بیگ، کئی سکے، 2 ہزار کے نوٹ اور لائٹر سمیت دیگر مختلف 52 اشیا موجود ہیں جنہیں ڈاکٹرز نے تقریبا 3 گھنٹے طویل آپریشن کے بعد نکالا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :بندروں سے بچاؤ کیلئے مسلح فورس تعینات



ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ اس کے پیٹ میں دھات کی بھی بہت چھوٹی چھوٹی چیزیں ملیں اس لئے اس کیس میں میٹل ڈٹیکٹر بھی استعمال کیا گیا تا کہ اس طرح کی کوئی بھی چیزیں ہینڈرو کے بیٹ میں باقی رہ نہ جائیں۔ ہینڈرو کے بھائی کا کہنا ہے کہ سالوں سے وہ دماغی طور پر بیمار ہے اوراس کے ہاتھ میں جو چیز آتی ہے وہ اسے نگل لیتا ہے تاہم اس کا علاج بھی چل رہا ہے اور امید ہے وہ جلد ٹھیک ہو جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔