جی ٹی روڈ ڈرامہ سپریم کورٹ اور نیب پر دباؤ ڈالنے کیلئے رچایا گیا عمران خان

نواز شریف یہ سازش نہیں بلکہ نیا پاکستان ہے جہاں آپ کی طرح ڈاکو ججز کو نہیں خرید سکیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی


ویب ڈیسک August 13, 2017
شیخ رشید کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کیوں کہ وہ 9 سال سے جہاد کررہے ہیں، عمران خان — فوٹو : سوشل میڈیا

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے راولپنڈی میں منعقدہ عوامی مسلم لیگ کے جلسے سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو دنیا میں باعزت ملک بنائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ وہ شیخ رشید کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کیوں کہ وہ گزشتہ 9 برس سے سیاست کے میدان میں جہاد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں نواز شریف نے جی ٹی روڈ پر ڈرامہ کیا اور یہ سوال پوچھا کہ انہیں کیوں نکالا گیا، نواز شریف نے کہا کہ لوگوں نے انہیں مینڈیٹ دیا تو پھر ججز کون ہوتے ہیں انہیں نکالنے والے۔ عمران خان نے کہا کہ وہ نواز شریف سے پوچھتے ہیں کہ کیا انہوں نے ووٹ لینے سے قبل لوگوں سے یہ کہا تھا کہ وہ ان کا پیسہ چوری کریں گے اور منی لانڈرنگ کرکے باہر بھیج دیں گے؟

عمران خان نے کہا کہ یہ سارا ڈرامہ نیب اور سپریم کورٹ پر دباؤ ڈالنے کے لیے رچایا جارہا ہے، نیب نے اب تک حدیبیہ پیپر ملز کیس میں اپیل نہیں کی، کہیں اس پر نواز شریف کا دباؤ تو نہیں ہے۔ جی ٹی روڈ پر ایک سازش پاکستان کی سپریم کورٹ کے خلاف نظر آگئی اور دوسری سازش پاک فوج کے خلاف نظر آرہی ہے۔



چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ نواز شریف سپریم کورٹ، جے آئی ٹی اور فوج کے خلاف بھی بول رہے ہیں، 30 سال سے نواز شریف اداروں کے اوپر قبضہ کرکے بیٹھے ہیں، ججز کو پیسے کھلائے ہیں لیکن پہلی بار نہ نواز شریف جے آئی ٹی کو قابو کرسکے اور نہ سپریم کورٹ کو لہٰذا ان کے نزدیک یہ سازش ہے ، لیکن یہ سازش نہیں بلکہ نیا پاکستان ہے جہاں آپ کی طرح ڈاکو ججز کو نہیں خرید سکیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ اگر ہم چار چیزیں کرلیں تو دنیا بھر میں پاکستانی ایک عظیم قوم بن جائیں گے، یہ چار چیزیں ٹیکس اصلاحات، میرٹ کا نظام، احستاب اور پاکستان کو ہرا بھرا بنانا ہے اور اگر یہ چار چیزیں کرلی جائیں تو ہمیں یورپ جانے کی کوئی ضرورت نہیں کیوں کہ پاکستان از خود ایک بہت ہی زیادہ خوبصورت ملک ہے۔

عمران خان کے بعد عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے انہیں جتنی عزت دی وہ اسے کبھی نہیں بھول سکتا۔ شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ انہیں اور عمران خان کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا لیکن اجرتی قاتل پکڑے گئے، انہوں کہا کہ وہ ایل این جی معاہدوں کو نہیں چھوڑیں گے۔

قبل ازیں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نواز شریف یہ پوچھتے ہیں کہ انہیں کیوں نکالا گیا، آپ کو اس لیے نکالا گیا کیوں کہ آپ نے قومی خزانے پر ڈاکہ ڈالا ہے، آپ نے قوم کو بھکاری بنایا، پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا، قوم سے جھوٹ بولا اس لیے نکالا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نواز شریف 184 دن عدالت میں اور پھر اس کے بعد جے آئی ٹی میں صفائی پیش نہ کرسکے، اس کے بعد عدالت انہیں نکالے نہیں تو کیا ان کا منہ چومے۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے لیاقت باغ راولپنڈی میں آزادی جلسے میں بارش کے باوجود عوام کی بڑی تعداد جلسہ گاہ میں موجود رہی جب کہ شیخ رشید اور پی ٹی آئی کے چیرمین عمران خان پارٹی کے دیگر سینئر رہنماؤں کے ہمراہ اسٹیج پر موجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔