لاڑکانہ کیڈٹ کالج میں تشدد کا شکار طالب علم محمد احمد امریکا سے وطن پہنچ گیا

محمد احمد کی امریکا سے 4 ماہ کے علاج کے بعد وطن واپسی پر کراچی ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا۔

طالب علموں پر تشدد نہ کیا جائے بلکہ ان کی تربیت پیار محبت سے کی جائے، احمد۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

لاڑکانہ کیڈٹ کالج کا طالب علم محمد احمد امریکا سے 4 ماہ علاج کے بعد وطن واپس پہنچ گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاڑکانہ کیڈٹ کالج میں تشدد کا شکار طالب علم محمد احمد امریکا سے 4 ماہ کے علاج کے بعد وطن واپس پہنچ گیا جس کا کراچی ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا، رشتے داروں اور عزیزوں نے احمد پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور نعرے بازی بھی کی۔


محمد احمد کے اہل خانہ جہاں خوشی سے نہال ہیں وہیں انہوں نے تشدد کے اس واقعے کے بعد احمد کا بھرپور ساتھ دینے پر ایکسپریس نیوز کا شکریہ بھی ادا کیا تاہم وطن واپسی پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے احمد کا کہنا تھا کہ 14 اگست کی رات کو وطن واپسی پر خوشی محسوس ہو رہی ہے اور پیغام دیا کہ طالب علموں پر تشدد نہ کیا جائے بلکہ ان کی تربیت پیار محبت سے کی جائے تاکہ وہ پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔

واضح رہے کہ لاڑکانہ کیڈٹ کالج میں پیش آنے والے اس تشدد کے واقعے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نہ صرف نوٹس لیا تھا بلکہ سرکاری خرچ پر امریکا میں علاج کے لیے بھی بھجوایا۔

Load Next Story