رشی کپور کی پاکستانیوں کو جشن آزادی پر مبارکباد

تمام پاکستانی اس دن کو بھائی چارے ، امن اور محبت کے ساتھ منائیں، رشی کپور


ویب ڈیسک August 14, 2017
پاکستان میں مقیم میرے تمام دوستوں کو یوم آزادی کا دن بہت مبارک ہو،رشی کپور؛فوٹوفائل

نامور بھارتی اداکار رشی کپور نے پاکستان کے 70 ویں جشن آزادی کے موقے پر پاکستانیوں کو مبارکباد دے کر تمام لوگوں کو حیران کردیا۔

ملک بھر میں پاکستان کا یوم آزادی نہایت جوش و خروش کے ساتھ منایا جارہا ہے سبز ہلالی پرچم میں پاکستانیوں کے ساتھ بھارتی فنکار رشی کپور بھی رنگ گئے ہیں جب ہی تو انہوں نے پاکستان میں موجود اپنے تمام چاہنے والوں کو جشن آزادی کی مبارکباد دے کر میڈیا سمیت تمام لوگوں کو حیران کردیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پاکستان آنے کا بہت دل چاہتا ہے مگر حالات اجازت نہیں دیتے، رشی کپور

اداکار رشی کپور سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتے ہیں اور اکثر پاکستان اور پاکستانیوں کے خلاف منفی بیانات دیتے رہتے ہیں کئی بار رشی کپورکومنہ کی کھانی پڑتی ہے لیکن پھر بھی اپنی حرکتوں سے باز نہیں آتے، رشی کپور ہر بار کچھ ایساکردیتے ہیں جس سے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ جاتی ہے اور لوگ حیران ہونے پر مجبور ہوجاتے ہیں ۔ اب پاکستان کے خلاف زہر اگلنے والے بالی ووڈ اداکار رشی کپور نے پاکستان کے 70 ویں جشن آزادی کے موقعے پر پاکستان کو مبارکباد دی ہے۔

رشی کپور نے گزشتہ رات ٹوئٹر پر تمام پاکستانی بھائیوں کو جشن آزادی کی مبارکباد دی اور نہایت جذباتی انداز میں لکھا کہ پاکستان میں مقیم میرے تمام دوستوں کو یوم آزادی کا دن بہت مبارک ہو، اس دن کو بھائی چارے ، امن اور محبت کے ساتھ منائیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: تمام مذاہب کی عزت کرتا ہوں، رشی کپورنے پھر پینترا بدل لیا



واضح رہے کہ رشی کپور کبھی بھی اپنی بات یا جذبات کا اظہار کرنے سے نہیں گھبراتے جہاں ہندو انتہا پسندوں کے خوف سے بھارت کے دیگر فنکار پاکستان کے بارے میں بات کرنے سے بھی گھبراتے ہیں وہیں رشی کپور اپنے جذباتوں کا برملا اظہار کرتے نظر آتے ہیں۔ واضح رہے کہ رشی کپور کئی بار پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں انہوں نے کچھ عرصہ قبل ٹوئٹر پراپنی خواہش کااظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرا وعدہ ہے ہم سب پاکستان آئیں گے بشرط یہ کہ دونوں ملکوں کے حالات ٹھیک ہوجائیں میں پر امید ہوں کہ زندگی میں ایک بار ضرور پاکستان آؤں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔