نا تو نواز شریف کا نیا پاکستان چاہیے اور نہ ہی بنانے کی اجازت دیں گے چوہدری شجاعت

نواز شریف انتشار چاہتے ہیں لیکن وہ کامیاب نہیں ہوں گے، چوہدری شجاعت حسین


ویب ڈیسک August 14, 2017
نواز شریف انتشار چاہتے ہیں لیکن وہ کامیاب نہیں ہوں گے، چوہدری شجاعت حسین۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ ہمیں نا تو نواز شریف کا نیا پاکستان چاہیے اور نہ بنانے کی اجازت دیں گے۔

مسلم لیگ(ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے کہا کہ عوام نے منتخب کیا اور 5 ججوں نے نکال دیا، نواز شریف نے ریلی میں پہلے 5 معزز جج، پھر 5 جج اور پھر کہا کہ 5 لوگوں نے نکال دیا، نواز شریف نے کہا میں نیا پاکستان بناؤں گا، نئے پاکستان سے نواز شریف کی کیا مراد ہے۔ عمران خان نے بھی نئے پاکستان کی بات کی لیکن ان کا مطلب کچھ اور تھا تاہم ہمیں نواز شریف کا نیا پاکستان نہیں چاہیے، یہ نیا پاکستان کون سا بنانا چاہتے ہیں، اس کی اجازت نہیں دیں گے ہمیں قائداعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان چاہیے۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں میرا قصور کیا ہے، ذاتی مفاد کے لیے انہوں نے سپریم کورٹ میں جعلی کاغذ جمع کروائے اور اپنی بیٹی سے دستخط کروائے اور اپنے جرم میں شریک کیا، مجھے سپریم کورٹ کے ان ججوں پر فخر ہے جنہوں نے قومی مفاد میں فیصلہ کیا۔ نواز شریف کی عادت ہے، ان کا دل کرتا ہے کہ کسی نہ کسی کے ساتھ سینگ لڑالو، وہ انتشار چاہتے ہیں لیکن وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔