سوشل میڈیا پر پاکستان کے حق میں پوسٹ کرنے پر بھارتی نوجوان گرفتار

دلنواز نے سابق پاکستانی وزیراعظم نواز شریف اور دیگر شخصیات کے ساتھ اپنی تصاویر اپ لوڈ کی تھیں۔


ویب ڈیسک August 14, 2017
دلنواز نے سابق پاکستانی وزیراعظم نواز شریف اور دیگر شخصیات کے ساتھ اپنی تصاویر اپ لوڈ کی تھیں۔ فوٹو: فائل

بھارتی پولیس نے 22 سالہ مسلم نوجوان کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر پاکستان سے متعلق مواد پوسٹ کرنے پر حراست میں لے لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست بہار کے رہائشی دلنواز عالم نے فیس بک پر پاکستان سے متعلق مواد پوسٹ کیا جس کی شکایت محلے والوں نے پولیس سے کر دی۔ پولیس شکایت موصول ہونے کے بعد دلنواز کو تھانے لے گئی۔ اطلاعات کے مطابق دلنواز نے فیس بک پر سابق پاکستانی وزیراعظم نواز شریف اور دیگر شخصیات کے ساتھ اپنی تصاویر اپ لوڈ کی تھیں۔

پولیس نے دلنواز کی اصلاح کے لیے اسے انوکھی سزا دی، پہلے اسے قومی ترانہ پڑھنے کے لیے کہا گیا اور پھر اسے پولیس اسٹیشن کی صفائی کا کام سونپا گیا، مسلم نوجوان کو 15 اگست کی تیاریوں میں ہاتھ بٹانے کی بھی سزا دی گئی۔ دلنواز کی گرفتاری کا سن کر اس کا باپ بھی پولیس اسٹیشن پہنچ گیا جس نے اپنے بیٹے کی طرف سے معذرت کی اور یہ وعدہ بھی کیا کہ آئندہ وہ اس طرح کی سرگرمی میں ملوث نہیں ہو گا۔

بہار پولیس کے ایس پی شیوہر نے بتایا کہ دلنواز عالم کو غیر ریاستی سرگرمی میں ملوث ہونے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تاہم اس نے وعدہ کیا ہے کہ وہ آئندہ ایسا نہیں کرے گا جس کے بعد اسے یہ کہا گیا کہ وہ جشن آزادی کی تیاریوں میں مدد کرکے اپنی حب الوطنی کا ثبوت دے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔