کرسٹیانو رونالڈو پر 5 میچز کی پابندی عائد

رونالڈو نے پہلے غیر شائستہ طریقے سے جشن منایا پھر امپائر کو دھکا دیا


ویب ڈیسک August 14, 2017
رونالڈو نے پہلے غیر شائشتہ طریقے سے جشن منایا پھر امپائر کو دھکا دیا۔ فوٹو: فائل

پرتگال سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو پر 5 میچز کی پابندی عائد کر دی گئی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہسپانوی فٹبال کلب ریال میڈرڈ کی نمائندگی کرنے والے کرسٹیانو رونالڈو پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور غیر شائستہ طریقے سے جشن منانے پر پابندی عائد کی گئی۔



اسپینش سپر کپ کے پہلے میچ میں بارسلونا اور ریال میڈرڈ کے درمیان مقابلہ جاری تھا جس میں ریال میڈرڈ نے 1-3 سے کامیابی حاصل کی۔ کرسٹیانو رونالڈو نے میچ کے دوران اپنی ٹیم کے لیے گول کیا اور ریال میڈرڈ کو 1-2 سے برتری حاصل ہونے پر انہوں نے اپنی شرٹ اتار کر جشن منایا جس پر انہیں یلو کارڈ دکھایا گیا۔ اس کے فوری بعد رونالڈو کو دوسرا یلو کارڈ بھی دکھا دیا گیا جس کی وجہ سے انہیں گراؤنڈ سے باہر جانا پڑا تاہم باہر جاتے ہوئے رونالڈو نے میچ ریفری ڈی برگوس بینگوئیزیا کو دھکا دیا۔



میچ ریفری نے اپنی رپورٹ میں اس بات کا تذکرہ کیا جس کے بعد رائل اسپینش فٹبال فیڈریشن نے رونالڈو پر پانچ میچوں کی پابندی عائد کر دی۔ رونالڈو پر ایک میچ کی پابندی ریڈ کارڈ کی وجہ سے جبکہ چار میچز کی پابندی امپائر سے بدسلوکی کی وجہ سے عائد کی گئی۔

اس کے علاوہ رونالڈو پر 3805 یوروز جبکہ ان کی ٹیم ریال میڈرڈ پر 1750 یوروز جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ پابندی کی وجہ سے رونالڈو بارسلونا کے خلاف اگلے میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں