یورپی منڈیوں کوفروٹ ایکسپورٹ میں لاجسٹک مسائل حائل

فضائی روابط بہتربناناہونگے،رواں سال آم چارٹرفلائٹ کے ذریعے برآمدکرنے کا منصوبہ ہے


Business Reporter February 14, 2013
آم کے آئندہ سیزن سے قبل یورپی منڈی کے لیے ایئرلاجسٹکس سہولتیں اور فضائی رابطہ بہت ضروری ہے۔ فوٹو: فائل

امریکا اور یورپی ممالک تک پاکستانی پھل اور سبزیوں کی برآمدات کی راہ میں فضائی روابط کافقدان اور لاجسٹک مسائل سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔

یورپی یونین اور امریکا سے فضائی رابطے استوار کرکے پاکستانی پھل اور سبزیوں کی برآمدات میں 60لاکھ یورو تک اضافہ کیا جا سکتا ہے، یورپ کی ہائی ویلیو مارکیٹ میںپاکستانی پھلوں کو پذیرائی مل رہی ہے اور برلن فروٹ لاجسیٹکا میں یورپی خریداروں نے پاکستانی پھل اور سبزیوں کی درآمدات میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ آل پاکستان فروٹ اینڈویجیٹبل امپورٹرز ایکسپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین وحید احمد کے مطابق یورپی یونین کے ساتھ فضائی رابطہ نہ ہونے اور ایئرلاجسٹکس کے مسائل کی وجہ سے پاکستان کے لیے اس اہم منڈی میں اپنی جگہ بنانے میں دشواری کا سامنا ہے۔



آم کے آئندہ سیزن سے قبل یورپی منڈی کے لیے ایئرلاجسٹکس سہولتیں اور فضائی رابطہ بہت ضروری ہے، آل پاکستان فروٹ اینڈ و یجیٹبل امپورٹرز ایکسپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن نے متعلقہ اتھارٹیز کے تعاون سے یورپی یونین ممالک کو چارٹر فلائٹ کے ذریعے آم ایکسپورٹ کرنے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔ انہوں نے وفاقی وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پر بھی زور دیا ہے کہ ہائی ویلیو مارکیٹس سے فضائی روابط استوار کرنے اور پھل سبزیوں کے لاجسٹک کے مسائل ترجیحی بنیادوںپر حل کیے جائیں تاکہ مغربی منڈیوں میں پاکستانی پھل اور سبزیوں کے لیے موجود امکانات کا بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔

برلن فروٹ لاجسیٹکا نمائش کے نتائج انتہائی حوصلہ افزا رہے، نمائش میں پاکستانی ایکسپورٹرز کے ساتھ کاشتکاروں نے بھی حصہ لیا اور عالمی سطح پر رائج جدید رجحانات اور ٹیکنالوجی سے آگہی حاصل کی،پاکستانی پویلین میں متعدد ملکی اداروں اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے کام کرنے والے بین الاقوامی پراجیکٹس کے تحت اسٹال لگائے گئے جن میںہم آہنگی پیدا کرتے ہوئے آئندہ نمائش میں تمام وسائل ایک جگہ مہیا کر کے پاکستان کے لیے زیادہ بہتر فائدہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔



اس نمائش میں ہارٹی کلچر ڈیولپمنٹ کمپنی، ایگری سپورٹ فنڈ کے اسٹالز الگ لگائے گئے تھے جنہیں اجتماعی شکل میں زیادہ توجہ مل سکتی تھی، اسی طرح ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو بھی بین الاقوامی نوعیت کی نمائشوں میں پاکستانی اسٹالز اور پویلین کے ڈسپلے اور پریزنٹیشن میں بہتری لانا ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ اٹلی کی ایک سرفہرست کمپنی نے پاکستان کی ہارٹیکلچر انڈسٹری کی معاونت اور تکنیکی مہارت کی فراہمی کی پیشکش کی ہے، اٹلی کی کمپنی پاکستانی فرمز، کاشتکاروں کو پری و پوسٹ ہارویسٹ سطح پر جدید رجحانات اور ٹیکنالوجی کے ذریعے پیداوار بڑھانے اور معیار کی بہتری کے لیے مدد دے گی۔

اس ضمن میں جلد ہی غیرملکی کمپنی کے نمائندے پاکستان کا دورہ کریں گے اسی طرح اسپین کی ایک کمپنی جدید مشینری اور ٹیکنالوجی پاکستان میں متعارف کرائے گی، اسپین کی کمپنی کے نمائندے بھی جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |