ویسٹ انڈیز نے 16سال بعد آسٹریلیا میں فتح کا مزا چکھ لیا

ویسٹ انڈیز کے191 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پر 164رنز بنا سکی۔


Sports Desk February 14, 2013
برسبین: ٹوئنٹی 20 میچ میں آسٹریلوی بیٹسمین ایرون فنچ کے بولڈ ہونے کا منظر۔ فوٹو : اے ایف پی

ویسٹ انڈیز نے 16 سال بعد آسٹریلیا میں فتح کا مزا چکھ لیا، فروری 1997میں پرتھ ٹیسٹ جیتنے کے بعد کبھی کسی 5روزہ، ون ڈے یا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ٹیم کو فتح نہیں ملی تھی۔

اب واحد ٹوئنٹی 20 میچ میں ناتجربہ کار کینگروز کا 27 رنز سے شکار کرلیا، ون ڈے سیریز میں 5-0 سے کلین سوئپ کا شکار ہونے والی کیریبیئن سائیڈ نے ٹور کے آخری میچ میں بہتر پرفارم کیا، کیرون پولارڈ کی آل رائونڈ کارکردگی اور جونسن چارلس کی عمدہ بیٹنگ نے فتح میں اہم کردار ادا کیا، 191 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے میزبان ٹیم 8 وکٹ پر 164رنز بنا سکی۔

تفصیلات کے مطابق سیریز کے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز نے نو آموز کینگرو اٹیک کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا،کرس گیل کے 8 رنز پر آؤٹ ہونے کے باوجود جونسن چارلس کا بیٹ خاموش نہ ہوا، انھوں نے صرف 35 گیندوں پر 57رنز کی اننگز کھیل کر فتح کی بنیاد رکھی، چارلس نے ڈیرن براوو(32) کے ہمراہ 88 رنز کی شراکت بھی بنائی،پولارڈ نے 26 رنز کا اضافہ کیا، کپتان ڈیرن سیمی نے 20 اور آندرے رسل نے ناقابل شکست 23 رنز بناتے ہوئے اسکورنگ کی رفتار میں کمی نہ ہونے دی۔

آخری دو اوورز میں 35 رنز بنے، ٹیم نے191 کا ٹوٹل اسکور بورڈ کی زینت بنایا،جیمز فالکنر نے 28 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں آسٹریلیا نے فنچ کی وکٹ 5 پر گنوانے کے بعد شان مارش(21) اورایڈم ووگس (51) کی بدولت 10 ویں اوور میں 79 رنز بنالیے، مگر دونوں بیٹسمین3رنز کے فرق سے رن آئوٹ ہوگئے،بعد ازاں کینگروز کی مہم کمزور پڑتی نظر آئی، سنیل نارائن نے کپتان جارج بیلی(15) کی اہم وکٹ حاصل کرکے رہی سہی امیدوں پر پانی پھیر دیا، بریڈ ہیڈن 22 اور بین روہرے16کی مزاحمت کے باوجود میزبان ٹیم کا سفر 8 وکٹ پر 164رنز کے مجموعے پر تمام ہوگیا، مین آف دی میچ کیرون پولارڈ نے 30 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، سنیل نارائن نے 19رنزکے بدلے2کھلاڑیوںکو آئوٹ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں