ویسٹ انڈیز کی پہلی بار ویمنز ورلڈ کپ فائنل میں رسائی

کیریبیئن سائیڈ کی فتح نے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی فائنل کھیلنے کی امیدوں پر بھی پانی پھیر دیا۔


Sports Desk February 14, 2013
ویسٹ انڈیز نے سپر سکس مرحلے میں چوتھی فتح کیساتھ ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔فوٹو: بی سی سی آئی

ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیاکو 8 رنز سے زیر کرکے پہلی بار ویمنز ورلڈ کپ فائنل میں رسائی حاصل کرلی، کیریبیئن سائیڈ کی فتح نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، دونوں ٹیمیں تیسری پوزیشن کے میچ میں مقابل ہونگی۔

تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز نے سپر سکس مرحلے میں چوتھی فتح کیساتھ پوائنٹس کی تعداد 8 کرتے ہوئے ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا، ویسٹ انڈیز نے7 پلیئرز کے ڈبل فیگر میں داخل نہ ہونے کے باوجود لوئر آرڈر میں دیندرا ڈوٹن کے جارحانہ 60 رنز کی بدولت بمشکل 164کا مجموعہ حاصل کیا،میگان شیٹ، ہولی فرلنگ نے3،3 اور ایرن اوسبورن نے 2وکٹیں لیں۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے4وکٹ پر 139 رنز بنالیے تھے کہ ایلکس بلیک ویل (45) کے آئوٹ ہونے سے تباہی مچ گئی، 14 گیندوں کے دوران جوڈی فیلڈز اور جولی ہنٹر کی رخصتی نے یلو شرٹس کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا،پوری ٹیم 156 پر ہمت ہار گئی،6کو اسکور دہرے ہندسے تک لے جانا نصیب نہ ہوا، ویسٹ انڈین ٹیم نے عمدہ فیلڈنگ کرتے ہوئے آخری 6میں سے 3 بیٹسویمنزکو رن آئوٹ کیا،شینل ڈیلے نے3 اور اسٹیفنی ٹیلر نے2 وکٹیں لیں،فیصلہ کن معرکہ آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے مابین اتوار کو ہوگا۔

کیریبیئن سائیڈ کی فتح نے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی فائنل کھیلنے کی امیدوں پر بھی پانی پھیر دیا، فائنلسٹ کا فیصلہ پہلے ہی ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کا میچ رسمی کارروائی سے کچھ زیادہ نہیں تھا، انگلش سائیڈ نے15 رنز کی فتح کیساتھ زخموں کا کچھ مداوا کیا، فاتح سائیڈنے6 وکٹ پر 266 رنز بنائے، سارا ٹیلر 88 اور شارلوٹ ایڈورڈز 54رنز کیساتھ نمایاں رہیں، اسیٹرتھ ویٹ کی سنچری اور سوزی بیٹس کے79 رنز کے باوجود کیویز کی اننگز 9 وکٹ پر251سے آگے نہ بڑھ سکی۔ایک اور غیر اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 110رنز سے ہرادیا، فاتح ٹیم نے 8 وکٹ پر 227 رنز بنائے، آئی لینڈرز کی اننگز 117تک محدود رہی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں