نیب کا حسیب وقاص سمیت 6 شوگر ملز کیخلاف تحقیقات کا فیصلہ

بقایاجات نہ دینے پرپاک کام،کک بیکس کے الزام میں شیلاڈیہ ایسوسی ایٹس، خوردبرد پر ایرولوبا لمیٹڈکیخلاف بھی انکوائری ہوگی


News Agencies August 16, 2017
نوازشریف کیخلاف عدالتی فیصلے پرعمل ہوگا، کیسز میں تاخیرنہیں ہوگی،ترجمان۔ فوٹو؛ فائل

نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے کک بیکس، کمیشن لینے کے الزام میں شیلاڈیہ ایسوسی ایٹس پاکستان اور اسکے افسران، قومی خزانہ کو 21.624 ارب روپے کا نقصان پہنچانے پر میسرز پاک کام (انسٹا فون) اور دیگر کیخلاف انویسٹی گیشن، فنڈز میں خوردبرد کے الزام میں حسیب وقاص شوگر ملز سمیت6شوگر ملز کے خلاف مختلف انکوائریوں کا فیصلہ کیا ہے۔

ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی زیر صدارت ہوا جس میں فاٹا میں 22 کلومیٹر بارنگ روڈ کی تعمیر کے مقدمہ میں شیلاڈیہ ایسوسی ایٹس پاکستان، اسکے افسران اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی گئی، ان پر زائد ادائیگیوں اور ٹھیکیداروں سے کک بیکس/کمیشن لینے کا الزام ہے جس سے خزانے کو89.959 ملین روپے نقصان ہوا۔

ایگزیکٹو بورڈ نے جی ڈی اے کے افسران اور دیگر کیخلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی، ان پر پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور اختیارات سے تجاوز کا الزام ہے جس سے خزانے کو 45 ملین روپے کا نقصان پہنچا، میسرز پاک کام (انسٹا فون) اور دیگر کے خلاف بھی انویسٹی گیشن کی منظوری دی گئی، ان پر پی ٹی اے کو بقایا جات کی عدم ادائیگی کا الزام ہے جس سے 21.624 ارب روپے کا نقصان پہنچا، بورڈ نے وزارت کی مینجنگ کمیٹی برائے انٹیریئر ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی، راجا اکبر علی اور دیگر کے خلاف انکوائری کافیصلہ کیا، ان پر ادائیگیوں کے مقابلہ میں کم اراضی فراہم کرنے کا الزام ہے جس سے خزانے کو 144 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔

اختیارات سے تجاوز اور بڑے پیمانے پر دھوکا دہی کے الزام میں سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران کے خلاف انکوائری کی منظوری بھی دی گئی، اجلاس میں فنڈز میں خوردبرد کے الزام میں عبداللہ شوگر ملز (سابقہ یوسف شوگر ملز) لاہور، عبداللہ شوگر ملز دیپالپور/لاہور، ٹی ایم کے شوگر ملز کراچی، سیری شوگر ملز کراچی، تاندلیانوالہ شوگر ملز لاہور اور حسیب وقاص شوگر ملز لاہور کے خلاف مختلف انکوائریوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں چیئرمین ڈائریکٹر ایرو لوبا پرائیویٹ لمیٹڈ اور دیگر کیخلاف انکوائری کی منظوری دی گئی، ایرو لوبا پرائیویٹ لمیٹڈ کی انتظامیہ نے ممنوعہ جے پی ون ایوی ایشن کو فراہم کرنے کی بجائے کھلی مارکیٹ میں فروخت کی جس سے خزانے کو 2370 ملین روپے کا نقصان پہنچا، علاوہ ازیں مشتبہ ٹرانزیکشنپر سرکاری ٹھیکیدار عبدالغفار میمن کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا گیا۔

چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہاکہ نیب زیروٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لییپرعزم ہے،نیب افسران شکایت کی جانچ پڑتال، انکوائریوں اور انوسٹی گیشنز کو شفافیت، میرٹ اور قانون کے مطابق نمٹائیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق نیب کے ترجمان نواز ش علی نے نجی ٹی وی سے گفتگومیں کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر اس کی روح کے مطابق عمل ہوگا،سپریم کورٹ کا حکم بڑا واضح رہے مقدمات میں تاخیر نہیں ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں