قائد اعظم ٹرافی کرکٹ راولپنڈی نے کراچی وائٹس کی بساط لپیٹ دی

لاہور شالیمار نے کراچی بلیوز کے خلاف پوزیشن مستحکم کرلی، اسلام آباد کو سیالکوٹ پربرتری مل گئی۔


Sports Reporter February 14, 2013
حیدر آباد نے لاہور راوی کیخلاف پہلی اننگز میں 584 رنزبنا ڈالے۔ فوٹو : فائل

QUETTA: قائد اعظم ٹرافی سپر ایٹ رائونڈ میں راولپنڈی نے دوسرے ہی روز کراچی وائٹس کی بساط اننگز اور23 رنز سے لپیٹ دی،حماد اعظم نے7 وکٹیں لیں۔

لاہور شالیمار نے کراچی بلوز کے خلاف پوزیشن مستحکم کرلی، اسلام آباد کو سیالکوٹ پربرتری مل گئی، شعیب ملک سنچری کی جانب گامزن ہیں، حیدر آباد نے لاہور راوی کیخلاف پہلی اننگز میں 584 رنزبنا ڈالے، لال کمار نے سنچری جڑ دی،باٹم سکس میں ایبٹ آباد کو فیصل آباد کے ہاتھوں شکست کا سامنا ہے،کوئٹہ کی ٹیم بہاولپور کیخلاف 159 رنز پر آئوٹ ہوگی، بلال خلجی نے 5وکٹیں لیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیل کے دوسرے دن میزبان ٹیم نے 8وکٹ پر253 رنز سے پہلی اننگز دوبارہ شروع کی،آخری دو کھلاڑی 39 رنز کا اضافہ کر کے پویلین لوٹ گئے،عبدالامیر نے98 رنز دیکر 8 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ عاطف مقبول کے حصہ میں 2وکٹیں آئیں، 292رنز بنانے والی راولپنڈی کی ٹیم نے223رنز کی واضح برتری حاصل کرلی، جواب میں کراچی وائٹس نے200 رنز پر ہتھیار ڈال دیے،سعید بن ناصر29 اور محتشم 27 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کر سکے۔

احمد اقبال نے 20 رنز ناٹ آئوٹ بنائے،حماداعظم نے46 رنز کے عوض7 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، سہیل تنویر کے حصہ میں 2وکٹیں آئیں،اس کامیابی کے ساتھ راولپنڈی نے 9قیمتی پوائنٹس حاصل کر لیے،گروپ بی میں لاہور کے ایل سی سی اے گرائونڈ پر شالیمار نے دوسری اننگز میں5وکٹ پر 252 رنز بنالیے،سعد نسیم 46اور محمد عرفان15رنز کے ساتھ کریز پر ہیں،زوہیب شیرا نے2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا،قبل ازیں کراچی بلوز255 رنز بناکر ڈریسنگ روم پہنچ گئی،95 رنز کے ساتھ دوبارہ کریز پر آنے والے فخر زماں نے سنچری مکمل کر کے101 رنز پر پویلین کی راہ لی،ان کی اننگز میں 14چوکے اور ایک چھکا شامل تھا،سعد نسیم نے 3 وکٹیں اپنے نام کیں، اس طرح لاہور شالیمار کو 134 رنز کی برتری حاصل اور5 وکٹیں محفوظ ہیں۔

اسلام آباد کے ڈائمنڈ کلب گرائونڈ پر سیا لکوٹ نے پہلی اننگز میں 5وکٹ پر 215 رنز بنائے، شیعب ملک11 چوکوں کی مدد سے 94 رنز پر ناقابل شکست ہیں، ذیشان 25 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے،اس سے قبل میزبان ٹیم پہلی اننگز میں303رنز بناکر پویلین لوٹی،97 رنز کے ساتھ سنچری کی آس لے کر کریز پر آنے والے علی سرفراز کوئی مزید رن بنائے افسردہ حالت میں میدان سے باہر آئے، انھیں شعیب ملک نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا،فیصل رشید نے 5وکٹیں اپنے نام کیں، سیالکوٹ کو میزبان ٹیم کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید88رنز درکار اور5 وکٹیں محفوظ ہیں،اسلام آباد کے نیشنل گرائونڈ پر حیدرآباد نے لاہو راوی کے خلاف پہلی اننگز میں584کا بھاری بھرکم اسکور بنالیا، عظیم گھمن اور رضوان احمد کی طرح لعل کمار نے بھی سنچری جڑ ڈالی ۔

ان کے109رنز میں17چوکے بھی شامل رہے،محمد ارشد نے 5 کھلاڑیوںکو پویلین کی راہ دکھائی،جواب میں کھیل ختم ہونے پر راوی نے اپنی پہلی اننگز میں171رنز بنائے اور اس کے 4کھلاڑی واپس ڈریسنگ روم پہنچ گئے،سمیع اسلم نے82رنز اسکور کیے ،عدنان اکمل 53رنز کے ساتھ کریز پر ہیں، اس طرح لاہور راوی کو حریف ٹیم کی برتری ختم کر نے کے لیے413رنز کی ضرورت اور6 وکٹیں محفوظ ہیں،ادھر باٹم سکس کے دوسرے رائونڈ میں آزاد جموں وکشمیر کے میر پور اسٹیڈیم میں ایبٹ آباد کو فیصل آباد کے ہاتھوں شکست کاسامنا ہے،فالوآن پر مجبور ہونے والی ایبٹ آباد کی ٹیم نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے46 رنز بنالیے، اس سے قبل وہ پہلی اننگز میں 203 رنز بناسکی تھی،رمیز راجہ 87 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،سمیع اللہ خان نیازی نے 5وکٹیں لیں،ملتان اسٹیڈیم میں کوئٹہ کی ٹیم بہاولپور کیخلاف159 رنز بنا سکی،بلال خلجی نے 5 وکٹیں اپنے نام کیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔