قومی ہاکی تربیتی کیمپ میں مزید9 کھلاڑیوں کی طلبی

کھلاڑیوں کو کیمپ کمانڈنٹ چوہدری اختر رسول کو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

حالیہ کامیابیوں سے پلیئرزکے حوصلے بلند اوراعتماد میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے،قاسم ضیا۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
پی ایچ ایف نے سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کیلیے مزید9 کھلاڑیوں کو کیمپ میں طلب کر لیا۔

ان میں مظہر عباس، فہد آفریدی، سبطین رضا، عامر شہزاد، محمد سلمان، محمد عمران جونیئر، مزمل اسحاق بھٹی، ارسلان قادر اور محمد عمیر شامل ہیں، منتخب کھلاڑیوں کو جمعرات کی شام تک کیمپ کمانڈنٹ چوہدری اختر رسول کو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، گذشتہ روز سابق کپتان وسیم احمد بھی کیمپ میں شامل ہو گئے اور بلو ٹرف پر دیگرکھلاڑیوں کے ساتھ پریکٹس میں بھرپور حصہ لیا۔


دریں اثنا پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیا نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کی تیاریوں کا ابھی سے آغاز کردیا،آنے والے ہر ٹورنامنٹ میں اپنی خامیاں دور کرکے میگا ایونٹ میں ٹائٹل کے مضبوط امیدوار بنا کر میدان میں اتریں گے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حالیہ کامیابیوں سے پلیئرز کے حوصلے بلند اور اعتماد میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے، بڑی ٹیموں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے سے مستقبل میں مزید اعزاز حاصل کرنے کا جذبہ بیدار ہوا،ابھی ہم عالمی نمبر ون بننے کا دعویٰ نہیں کرسکتے۔تاہم مسلسل بہتری کی طرف گامزن ضرور ہوگئے ہیں،کھلاڑی اپنی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے کھیل میں نکھار لائے اور حوصلہ افزا نتائج دیے ہیں، انھوں نے کہا کہ اختر رسول اور حنیف خان اپنے وقت کے عظیم کھلاڑی تھے، ان کا تجربہ اور جذبہ ٹیم کے کام آرہا ہے۔

صدر پی ایچ ایف نے کہا کہ منیجمنٹ کو سلیکشن کا اختیار دینا ایک مشکل مگر درست فیصلہ تھا،کوچنگ اسٹاف کھلاڑیوں کی فٹنس اور کارکردگی کے ساتھ حریف ٹیم کی قوت کو سامنے رکھتے ہوئے بہتر اسکواڈ کا انتخاب کر سکتا ہے۔

اس موقع پر سیکریٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ نے کہا کہ پاکستان نے تمام ٹائٹلز ملکی کوچز کی سرپرستی اور رہنمائی میں حاصل کیے ہیں، حالیہ کامیابیوں میں بھی کسی غیر ملکی کوچ کا کوئی کردار نہیں تھا، انھوں نے کہا کہ ملکی ہاکی درست سمت میں گامزن ہے، اذلان شاہ کپ، بھارت سے سیریز اور مستقبل کے دیگر مقابلوں میں کارکردگی میں اتار چڑھائو ضرور آسکتا ہے مگر پریشان ہوئے بغیر اپنے اصل ہدف ورلڈ کپ کی تیاریاں جاری رکھیں گے۔
Load Next Story