
نرم آواز، لہجہ میں برہم سا اُتار چڑھاؤ، سروں سے واقفیت، پکے راگ اور کلام کا چناؤ، یقیناً اِن سب کے ملاپ کے بعد جو بھی سامنے آئے گا، وہ عام سا تو نہیں ہوگا۔ وہ بالکل ایسا ہی ہوگا کہ برسہا برس گزرنے کے بعد بھی سننے والے کو جکڑ لے۔ دم مست قلندر سے ہلکا ہلکا سرور تک جو گایا وہ سننے والوں کو بھایا ہی بھایا۔ سُروں پر عبور ایسے ہے کہ لگتا ہے غزل اسی لیے لکھی گئی کہ اُسے سروں میں نصرت فتح علی خان ڈھال لے۔ منقبت، عارفانہ کلام، غزل، گیت، حمد جس صنف میں آواز کا جادو جگایا وہ پسند کرنے والوں کو سرشار کرگیا۔ اگر اب بھی آپ کے سامنے نصرت فتح علی خان کی پڑھی گئی حمد 'کوئی تو ہے جو نظام ہستی چلارہا ہے'' سنی جائے تو اللہ کی وحدانیت اور اُس کی نعمتوں کے اقرار کی گواہی آپ کا دل دے گا۔
فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے بھاری بھرکم استاد نصرت فتح علی خان کا فن بھی کم وزنی نہ تھا۔ موسیقی ترتیب دینے سے لے کر گائیکی تک تمام رموز سے آگاہ تھے۔ اِسی لیے دنیا نے اُن کے فن کو ہاتھوں ہاتھ لیا، کیا پاکستان، کیا بھارت اور کیا ہالی ووڈ۔ ہر جگہ ہی نصرت فتح علی خان نے اپنا فن منوایا۔ 1995ء میں ریلیز ہونے والی فلم '' ڈیڈ مین واکنگ'' کی موسیقی ترتیب دی تو عروج کے نئے دروازے وا ہوئے، پھر''دی لاسٹ ٹیمپٹیشن آف کرائسٹ'' اور پھر یہ سلسلہ بھارت تک ہی جاپہنچا۔ لیکن نصرت فتح علی نے ''میری پہچان پاکستان'' گا کر بتادیا کہ دنیا میں جہاں جائیں پہچان پاکستان سے ہے۔
کتنے ہی گیت نصرت فتح علی کی پہچان بن گئے۔ ایک وقت تھا کہ شادی بیاہ کی ویڈیو میں رخصتی کے وقت پسِ منظر میں استاد نصرت فتح علی خان کا 'دولہے کا سہرا سہانا' لازمی سنی جاسکتی تھی۔ پاکستان کے مشہور ڈرامہ سیریل دھواں کے ٹائٹل سونگ 'کسی دا یار نہ ویچھڑے' کو جو شہرت اور پذیرائی ملی اُس نے ڈرامہ کی کامیابی میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ کشمیر کیلئے گایا جانے والا گیت 'جانے کب ہوں گے کم، اِس دنیا کے غم' میں سارے دکھوں، تکلیفوں اور اذیت میں جینے والوں کا درد اپنی گائیکی کے ذریعے بیان کردیا۔
16 اگست 1997ء کو دنیائے موسیقی کا یہ دمکتا ستارہ ڈوب گیا۔ تمغہ حُسن کارکردگی اور یونیسکو و گریمی ایوارڈ کیلئے نامزد ہونے والا فنکار نصرت فتح علی خان گردوں کے عارضے کے سبب شدید علیل ہوا تو پھر صحتیاب نہ ہوسکا۔ آج اِس فنکار کو گزرے 20 برس گزر گئے۔ اِس موقع پر میں استاد نصرت فتح علی خان کی سوانح حیات کے فرانسیسی سوانح نگار "پیئر آلیں بو'' کا نصرت فتح علی خان کی موسیقی اور فن گائیکی کے حوالے سے کہے گئے چند الفاظ پر تحریر کا اختتام کرنا چاہوں گی،
''نصرت فتح علی آج بھی دنیا میں کروڑوں لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے۔ محبت کے جذبات، جدائی اور اِس طرح کے دیگر احساسات ہمارے معاشرے میں بھی پائے جاتے ہیں، اِس لیے وہاں بھی تخلیق ہونے والی شاعری اور موسیقی میں اُس طرح کا رنگ ہے جس کو آپ صوفی طرز کا رنگ کہہ سکتے ہیں۔ یہی نصرت کی موسیقی کا بھی خاصا ہے''
نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا لکھاری کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔