افغانستان میں نیٹو کی بمباری سے 45 داعش جنگجو ہلاک

داعش کے خلاف مشترکہ آپریشن کے دوران ایک امریکی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، حکام


ویب ڈیسک August 17, 2017
ننگرہار میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں میں اسلحہ کا ذخیرہ بھی تباہ کردیا گیا، حکام۔ فوٹو: فائل

BAHAWALPUR: افغانستان کے صوبہ ننگرہار میں امریکی بمباری میں داعش کے 45 جنگجو ہلاک ہوگئے جب کہ جھڑپ کے دوران ایک امریکی فوجی اور 7 افغان پولیس اہلکار مارے گئے۔

ننگرہار کے پولیس ترجمان حسین مشرقی نے افغان میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ننگرہار کے ضلع آچن کے علاقے مکرانا میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں میں 45 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ فضائی کارروائی کے نتیجے میں داعش کے اسلحہ و بارود کا بڑا حصہ بھی تباہ ہوگیا۔

ادھر مشرقی افغانستان میں داعش کے خلاف آپریشن کے دوران جھڑپ میں ایک امریکی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ امریکی فوج کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مشرقی حصے میں داعش خراسان کے خلاف امریکی و افغان فورسز کی مشترکہ کارروائی کے دوران ایک امریکی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب جنوبی صوبہ قندھار میں گورنر کے ترجمان ضیا درانی نے بتایا کہ طالبان نے دو پولیس چوکیوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے، جب کہ جوابی کارروائی میں 19 جنگجو بھی مارے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔