این اے 120 ضمنی انتخاب قیدیوں کے ووٹ ڈاک کے ذریعے ڈلوانے کا فیصلہ

این اے 120 کے قید و نظر بند شہری 30 اگست تک پوسٹل ووٹنگ کے لئے درخواست دے سکیں گے


ویب ڈیسک August 19, 2017
دوسرے شہروں میں تعینات عسکری و سول سرکاری اہلکار اور دیگر افراد بھی پوسٹل بیلٹ کے زریعے ووٹ ڈال سکیں گے فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب کے لیے قیدیوں کے ووٹ ڈاک کے ذریعے ڈلوانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری پنجاب کو باضابطہ طور پر مراسلہ بھجوایا ہے،۔ جس میں کہا گیا ہے کہ این اے 120 کے رہائشی مختلف جرائم میں قید حراستی ملزموں اور مجرموں کے ووٹ ڈالنے کے انتظامات کئے جائیں، اس کے علاوہ اس حلقے کے رہائشی نظر بند شہریوں کو بھی ڈاک کے ذریعے حق رائے دہی استعمال کرنے دیا جائے، اس سلسلے میں این اے 120 میں ڈاک کے ذریعے ووٹ ڈالنے کے لئے قید و نظر بند ملزموں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے۔

این اے 120 کے جیلوں میں قید ووٹرز 6 ستمبر کو ڈاک کے ذریعے ووٹ کاسٹ کر سکیں گے، اس کے علاوہ دوسرے شہروں میں تعینات عسکری و سول سرکاری اہلکار اور دیگر افراد بھی پوسٹل بیلٹ کے زریعے ووٹ ڈال سکیں گے، اس کے لیے 26 اگست کو این اے 120 کے ضمنی انتخاب کیلئے امیدواروں کی حتمی فہرست کے بعد پوسٹل بیلٹ پیپر ووٹرز کو دیئے جائیں گے جب کہ این اے 120 کے قید و نظر بند شہری 30 اگست تک پوسٹل ووٹنگ کے لئے درخواست دے سکیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔