پی ٹی آئی اور ن لیگ دونوں اقتدار کی لڑائی لڑ رہے ہیں بلاول بھٹو زرداری

2018 کا الیکشن میرا پہلا اور عمران خان کا آخری الیکشن ہوگا، چیرمین پاکستان پیپلز پارٹی


ویب ڈیسک August 19, 2017
اب جھوٹ، پروپگینڈے اور گالی کی سیاست مزید نہیں چلے گی، چیرمین پیپلز پارٹی ۔ فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کو ملک کی کوئی فکر نہیں دونوں ہی جماعتیں اقتدار کی لڑائی لڑ رہی ہیں۔

مانسہرہ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 2018 کا الیکشن میرا پہلا اور عمران خان کا آخری الیکشن ہوگا، ہم نے پہلے بھی ملک کو نازک صورتحال سے نکال کر جمہوریت پرڈالا ہے، جبکہ پی ٹی آئی ہو یا ن لیگ ، دونوں اقتدار کی لڑائی لڑ رہےہیں، ان کو ملک کی کوئی فکر نہیں، لوگوں کے اصل مسائل پر یہ بات نہیں کرتے، ملکی مسائل کا حل ان کے پاس ہے ہی نہیں، ان کے پاس ملک چلانے کی نہ اہلیت ہے اور نہ صلاحیت۔



بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب، آپ کتنا بھی چیخ لیں عوام آپ کے دھوکےمیں نہیں آئیں گے، آپ نے ترقی کے نام پر بڑے بڑے نمائشی منصوبوں پر کھربوں روپے ضائع کردیے، جب آپ کی کرسی کو خطرہ ہوا آپ نے پارلیمنٹ کا سہارا لیا، اور جب خطرہ نہیں رہا تو پارلیمنٹ کی طرف دیکھنا بھی گوارہ نہیں کیا، انقلاب کا لفظ آپ کےمنہ سے اچھا نہیں لگتا، آپ سازشی ہوسکتے ہو ، انقلابی نہیں۔

چیرمین پی پی پی نے کہا کہ عمران خان نے خیبرپختون خوا میں سیاسی دشمنی میں نصرت بھٹو کینسر اسپتال کو بند کردیا، اگر بیگم نصرت بھٹو کے نام پر اعتراض ہے تو اسے بھی شوکت خانم کا نام دے دو، ہمارے لیے تو مائیں سانجھیں ہوتی ہیں، تبدیلی کے دعوے داروں نے صحت کے پورے نظام کو تباہ کردیا جس کی نج کاری کی جارہی ہے، آپ کی اتحادی جماعت پر خیبر بینک میں کرپشن کا الزام ہے اس کی کب تحقیقات ہوں گی، جبکہ اب جھوٹ، پروپگینڈے اور گالی کی سیاست مزید نہیں چلے گی۔



بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ خیبرپختون خوا میں سرکاری اسکولوں میں تعلیم پستی کی طرف جارہی ہے، مگر پی ٹی آئی کےلوگوں کے نجی اسکول ترقی پر ترقی کررہےہیں، عمران خان نے کیا نیا کردیا ہے، صوبے میں صحت کا نظام تباہ ہے، بے روزگاری عروج پر ہے، عمران خان دہشت گردوں کی مذمت کرتے ہوئے بھی ڈرتے تھے، انہوں نے طالبان کو دفتر کھولنے کی پیشکش کی تھی، طالبان کے مدرسے کو کروڑوں روپے دیے، عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کی مخالفت کی اور انہیں اپنا بھٹکا ہوا بھائی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ایک لاکھ بچوں کے سرکاری اسکولوں میں داخلے کا بیان جھوٹ ہے، پی ٹی آئی چیرمین جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں، عمران خان کہتے ہیں کہ لیڈر کو صادق اور امین ہونا چاہیے لیکن خود ہمیشہ اسٹیج پر آکر عوام سے جھوٹ بولتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ نواز شریف نے بے نظیر کی حکومت گرانے کے لیے القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن سے پیسے لیے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں