شیکھر دھون کے لاٹھی چارج سے سری لنکا بے حال

بھارت نے پہلا ون ڈے 9 وکٹ سے جیت لیا، نروشن ڈیکویلا کی ففٹی رائیگاں


Sports Desk August 21, 2017
اوپنر کے ناقابل شکست 132رنز، ویرات کوہلی 82 پر ناٹ آؤٹ۔ فوٹو: اے ایف پی

CAIRO: پہلے ون ڈے میں شیکھر دھون کے لاٹھی چارج نے آئی لینڈرز کو بے حال کردیا، بھارتی اوپنر نے برق رفتار بیٹنگ سے ٹیم کو 9 وکٹ سے فتح دلادی۔

ٹیسٹ سیریز میں شرمناک شکست کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی سری لنکا کا آغاز انتہائی مایوس کن ثابت ہوا جس میں اسے 9 وکٹ سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا، بھارت نے 217 رنز کا ہدف 21.1 اوورز قبل ہی حاصل کرلیا، شیکھر دھون نے ٹیسٹ کرکٹ کی فارم کو ایک روزہ فارمیٹ میں بھی برقرار رکھا، انھوں نے سری لنکا کے خلاف مسلسل چھٹا ففٹی پلس اسکور بنانے کے ساتھ اپنی تیز ترین سنچری 71 بالز پرمکمل کی، انھوں نے مجموعی طور پر 90 بالز پر ناقابل شکست 132 رنز بنائے، اس دوران انھوں نے 20 چوکے اور 3 چھکے بھی جڑے، اس طرح دھون نے 98 رنز صرف باؤنڈریز کی مدد سے بنائے، دوسرے اینڈ پر موجود ویرات کوہلی 70 بالز پر 82 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز ایک چھکے اور 10 چوکوں سے مزین تھی۔

بھارت کو واحد صدمہ روہت شرما کی صورت میں برداشت کرنا پڑا تاہم اس میں بھی قسمت کا کافی عمل دخل رہا، 4 کے انفرادی اسکور پر تیزی سے رن مکمل کرنے کے دوران ان کا بیٹ چھو گیا، کریز پار کرنے کے باوجود جب کاپوگدیرا کی تھرو پر گیند وکٹوں میں لگی تو ان کے دونوں پاؤں فضا میں تھے، اس لیے رن آؤٹ قرار پائے۔

اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پراعتماد انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور ایک وکٹ پر 139 رنز بناڈالے، اس وقت اسکور 300 کے پار جاتا ہوا دکھائی دے رہا تھا مگر پھر وکٹوں کی جھڑی لگ گئی اور پوری ٹیم 43.2 اوورز میں 216 رنز پر آؤٹ ہوگئی، نروشن ڈیکویلا 64، کوشل مینڈس اور انجیلو میتھیوز 36، 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، اکشر پٹیل نے 3 جبکہ جادھیو، چاہل اور بمرا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں