آئی او سی کی آج میٹنگ پاکستانی تنازع پر بات ہوگی

الیکشن کے ذریعے وجود میں آنے والی پی او اے کی حمایت جاری رکھیں گے، ترجمان

الیکشن کے ذریعے وجود میں آنے والی پی او اے کی حمایت جاری رکھیں گے، ترجمان۔ فوٹو : فائل

پاکستانی کھیلوں میں سیاسی مداخلت کے حوالے سے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی میٹنگ میں غور کیا جائے گا۔

لوازنے میں جمعے کو میٹنگ میں شرکت کیلیے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر جنرل (ر) عارف حسن سوئٹزر لینڈ پہنچ چکے،آئی او سی نے پاکستان میں اپنے نمائندے سید شاہد علی کو بھی طلب کیا ہوا ہے، موقف بیان کرنے کیلیے انٹرنیشنل باڈی نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے نمائندے کو بھی دعوت دی تھی مگر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وہ نہیں جا رہے ہیں۔

قبل ازیں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے دو روز سے جاری اجلاس میں پاکستان میں کھیلوں میں سیاسی مداخلت کے حوالے سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، میڈیا ریلیشنز مینجر نے بتایا کہ ایگزیکٹیو بورڈ میٹنگ میں پاکستانی کھیلوں کے معاملات پر غور کیا گیا،عالمی باڈی الیکشن کے ذریعے وجود میں آنے والے پی او اے کے موجودہ سیٹ اپ کی حمایت جاری رکھے گی۔




انھوں نے کہا کہ آئی او سی بعض عناصر کی جانب سے پاکستانی کھیلوں اور اولمپک موؤمنٹ کو دھچکا پہنچانے کی کوششوں کی مذمت کرتی ہے۔روانگی سے قبل عارف حسن نے کہا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے عبوری کمیٹی بناکر پی او اے کے آئین کی خلاف ورزی کی، معاملات کو سلجھانے کیلیے ایک مصالحتی کمیٹی کا اعلان کیا مگر مخالف گروپ ٹس سے مس نہیں ہوا، تمام معاملے ڈرامے کا ڈراپ سین ایک دو روز میں متوقع ہے۔

آئی او سی اس معاملے کو سلجھانے کیلیے بیٹھے گی، ویسے تو دونوں فریقوں کو مدعو کیا گیا ہے، پی او اے میٹنگ میں موجود ہوگی مگر آثار یہی ہیں کہ دوسرا فریق اجلاس میں نہیں آئے گا۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ سال اس طرح کے معاملات کی وجہ سے آئی او سی بھارت کو معطل کرچکا، اگر پاکستان کیخلاف بھی ایسا قدم اٹھایا گیا تو یہ ملکی کھیلوں کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہوگا۔
Load Next Story