شام میں امریکی فضائی حملے میں 42 افراد ہلاک

ہلاک ہونے والوں میں 19 بچے اور 12 خواتین بھی شامل ہیں،شامی مبصر تنظیم برائے انسانی حقوق


ویب ڈیسک August 22, 2017
فضائی حملہ الرقہ میں داعش کے زیر اثر علاقے میں کیا گیا۔ فوٹو : فائل

شام میں امریکی فضائی حملے کے نتیجے میں 42 شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شامی مبصر تنظیم برائے انسانی حقوق کا کہنا ہے کہ الرقہ شہر میں داعش کے زیر اثر علاقے میں امریکی اتحادیوں کے فضائی حملے میں 42 شہری ہلاک ہوئے ہیں جن میں 19 بچے اور 12 خواتین بھی شامل ہیں ۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ 14 اگست سے اب تک امریکی اتحادیوں کے حملوں میں 167 شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔

شام کے سرکاری میڈیا نے بھی امریکی اتحادیوں کے حملے میں متعدد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع دی تاہم تعداد بتانے سے گریز کیا۔

یہ بھی پڑھیں: شام پر امریکی میزائل حملے

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ وہ حملے میں شہریوں کی ہلاکت کی تحقیقات کررہا ہے۔ سینٹ کام کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ عسکری اتحاد شہریوں کی ہلاکت کی رپورٹس کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھتا ہے اور ہمیشہ اس بات کی کوشش کی جاتی ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف حملوں میں شہریوں کا نقصان کم سے کم ہو۔

خیال رہے کہ الرقہ شہر پر داعش کا قبضہ ہے جب کہ داعش کے خلاف امریکی عسکری اتحاد کے نمائندہ خصوصی بریٹ میک گرگ کا کہنا ہے کہ الرقہ میں اب بھی 2 ہزار جنگجو موجود ہیں اور 60 فیصد علاقے کا کنٹرول حاصل کرلیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں