وقار یونس نے کامران اکمل کا الزام مسترد کردیا

فٹنس پر سمجھوتہ کرنے سے ہر شعبے میں کارکردگی متاثر ہوتی ہے، وقار یونس


Sports Reporter August 23, 2017
فٹنس پر سمجھوتہ کرنے سے ہر شعبے میں کارکردگی متاثر ہوتی ہے، وقار یونس : فوٹو : فائل

KARACHI: وقار یونس نے قومی ٹیم میں اپنی پالیسیوں کا تسلسل برقراررکھنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہاکہ فٹنس پر سمجھوتہ کرنے سے ہر شعبے میں کارکردگی متاثر ہوتی ہے،کامران اکمل میری کوچنگ میں صرف 3 ٹیسٹ کھیلے، کیریئر تباہ کرنے کا الزام درست نہیں، سرفراز احمد پر ٹیسٹ کرکٹ کا اضافی دباؤ ہوگا۔

ایک انٹرویو میں وقار یونس نے کہاکہ ٹیم میں کسی بات پر کرکٹرز اور کوچ کا اختلاف ہوسکتا ہے، کھلاڑی کو ڈانٹ بھی پڑ سکتی ہے، عمر اکمل نے مکی آرتھر کے بیان کو سنجیدہ لے کر غلطی کی، فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے،اس سے ہر شعبے میں کارکردگی متاثر ہوتی ہے، مکی آرتھر عمر اکمل سمیت کسی سے کوئی رعایت نہیں برت رہے تو اچھی بات ہے، بھارت نے یوراج سنگھ کو باہر بٹھا دیا،میں اپنے دور میں اسی بات پر زور دیتا رہا، اب پی سی بی میری دی گئی پالیسیوں کا تسلسل برقراررکھ رہا ہے تو بڑی خوشی کی بات ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کامران اکمل کی جانب سے کیریئر تباہ کرنے کا الزام درست نہیں، وکٹ کیپر بیٹسمین کی کرکٹ ہمارے ہاتھوں میں پروان چڑھی، میری کوچنگ میں وہ صرف 3 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں،دراصل پی سی بی غیر ملکی کوچزکو زیادہ آزادانہ انداز میں کام کرنے کا موقع دیتا ہے،پاکستانی کوچز کے بارے میں میڈیا میں فضول چیزیں پھیل جاتی ہیں کہ بڑا کرکٹر اپنے زعم میں رہتا ہے،کسی کو خاطر میں نہیں لاتا،میں بڑا کھلاڑی تھا تو کیا یہ میرا قصور ہے،کوئی کس طرح کہہ سکتا ہے کہ اسٹار پلیئر لازمی طور پر کوچنگ میں ناکام ہوگا۔

وقار یونس نے کہا کہ سرفراز احمد پر ٹیسٹ کرکٹ کا اضافی دبائو ہوگا،طویل فارمیٹ میں بطور کپتان سارا دن وکٹوں کے پیچھے بھی ذمہ داری اٹھانا اور بیٹنگ بھی کرنا ذرا مشکل کام ہے، البتہ انھوں نے ٹیم میں ایک نئی روح پھونک دی،ان کی صلاحیتوں سے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔ وقار یونس نے کہا کہ عامر کی واپسی پر کئی سینئرز سمیت سب مخالف تھے لیکن چیمپئنز ٹرافی فائنل میں بھارت کیخلاف اسپیل پر سب انکے گن گارہے ہیں، حسن بھی اچھے پیسر اور رومان رئیس میں ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ بولر بننے کی بڑی اہلیت ہے، ڈومیسٹک کرکٹ کی مقدار کم اور معیار زیادہ کرکے بہترین نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔