ٹرمپ کی دھمکیاں اعلان جنگ ہے دفاع پاکستان کونسل

حکومت مصلحت پسندی کے بجائے توہین آمیز رویے کا منہ توڑ جواب دے؛دفاع پاکستان کونسل

امریکا ایٹمی پاکستان کو کالونی نہ سمجھے، سمیع الحق، اعجاز الحق، ظفر علی شاہ، عبدالرحمن مکی، فضل الرحمن خلیل و دیگر کی پریس کانفرنس فوٹو: فائل

دفاع پاکستان کونسل میں شامل سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکیاں وطن عزیز پاکستان کی سلامتی و خود مختاری پر حملہ اورکھلا اعلان جنگ ہے.

انہوں نے کہاامریکا ایٹمی پاکستان کو اپنی کالونی نہ سمجھے، حکومت مصلحت پسندی اختیارکرنے کے بجائے توہین آمیز رویے کا منہ توڑ جواب دے، امریکا کی طرف سے جنوبی ایشیا سے متعلق نئی پالیسی کا اعلان خطے میں جنگ کی آگ بھڑکانے کی خوفناک سازش ہے، پوری پاکستانی قوم کسی قسم کی جارحیت کے مقابلے کیلیے افواج پاکستان کے ساتھ ہے اور ملکی دفاع کیلیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔


دفاع پاکستان کونسل کل (جمعے کو) ملک گیر سطح پر یوم احتجاج منائے گی اور چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، ریلیاں نکالی جائیں گی، چین کی طرف سے پاکستان کی دو ٹوک حمایت کا اعلان خوش آئند ہے، حکومت چین، روس اور برادر اسلامی ملکوں کے ساتھ مل کر مضبوط دفاعی پالیسیاں ترتیب دے، ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق، پروفیسر عبدالرحمن مکی، اعجازالحق، سید ظفر علی شاہ، مولانافضل الرحمن خلیل، ضیا اللہ شاہ بخاری، مولانا امیر حمزہ، اجمل بلوچ، طاہر رشید تنولی اور عامر شہزاد نے پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، قبل ازیںدفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق کی سربراہی میں اجلاس بھی ہوا ۔

جس میں متفقہ طور پر 14 نکاتی اعلامیہ منظور کیا گیا جسے پریس کانفرنس کے دوران مولانا سمیع الحق نے پڑھ کر سنایا، اعلامیہ میں کہا گیا کہ امریکا کی طرف سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کیلیے پاکستان کو اربوں ڈالر دینے کی باتیں غیور پاکستانی قوم کی توہین ہیں، افواج پاکستان اور عوام نے پیسوں نہیں ملکی دفاع کیلیے قربانیاں پیش کی ہیں، حکمران امریکی امداد لینے سے انکار کریں اور واضح پیغام دیں کہ پاکستان امریکی کالونی نہیں، ایک آزاد خود مختار ایٹمی ملک ہے، حقیقت یہ ہے کہ پاکستان نے امریکی جنگ میں100ارب ڈالر سے زائد کا نقصان اٹھایا ہے، امریکا کی بھارت کو خطے کا تھانیدار بنانے کی کوششوں کی ہر سطح پر مزاحمت کی جائے گی، نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں80 ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے باوجود پاکستان کے خلاف الزامات حکومت کی سفارتی ناکامی ہے، مولانا سمیع الحق نے 28 اگست کو آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس میں امریکا اور بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف کی جانے والی سازشوںکا جواب دینے کی حکمت عملی تیار کریں گے، حکومت 73 کے آئین کو متنازع بنا کر ترمیم کرنا چاہتی ہے تاکہ آئندہ کوئی صادق و امین، باکردار شخص پارلیمنٹ نہ پہنچے۔
Load Next Story