جاتی پٹرول کے غیر قانونی ڈپو میں آگ بھڑک اٹھی

2 افراد زخمی، 4 دکانوں کو بھی نقصان پہنچا، ڈپو مالک کیخلاف کارروائی کی جائیگی، پولیس

فائر بریگیڈ کے عملے نے بروقت پہنچ کر 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ فوٹو: فائل

جاتی شہر میں قائم پٹرول کے غیر قانونی ڈپو میں آگ لگ گئی، 2 افراد زخمی، 4 دکانوں کو نقصان، فائر بریگیڈ کے عملے نے 2 گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا۔

تفصیلات کے مطابق جاتی شہر میں قائم غیر قانونی پٹرول کے ڈپو میں اچانک آگ لگ گئی ،سیکڑوں لیٹر پٹرول اور ڈیزل کے جلنے سے آگ کے شعلے آسمان کو چھونے لگے جس سے پورے شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا ، فائر بریگیڈ کے عملے نے بروقت پہنچ کر 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا جبکہ 2 سماجی کارکن اللہ ڈنو کنبھار اور یوسف میمن زخمی ہوگئے جنھیں تعلقہ اسپتال جاتی پہنچایا گیا۔




دوسری جانب آگ سے 4 دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ ایس ایچ او جاتی گل منیر نے بتایا کہ مذکورہ ڈپو غیر قانونی طور پر قائم تھا اور ڈپو مالک محمد سمیجو کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کی جائے گی۔
Load Next Story