طالبان امن عمل میں شامل ہوجائیں امریکی کمانڈر جنرل نکلسن

طالبان کی محفوظ پناہ گاہیں ختم کرنے کےلیے پاکستان سے مذاکرات کا آغاز ہوچکا، امریکی کمانڈر

ہم افغان جنگ نہیں ہاریں گے کیونکہ ہماری قومی سلامتی کا دار و مدار ہی اس جنگ پر ہے، امریکی جنرل۔ فوٹو: فائل

افغانستان میں اعلیٰ ترین امریکی فوجی کمانڈر جنرل جان نکلسن نے طالبان کو ایک بار پھر امن عمل میں شرکت کی دعوت دے دی۔

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کمانڈر جنرل جان نکلسن نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی پالیسی افغان جنگ سے ان کی طویل وابستگی کے عزم کا اظہار ہے۔


جنرل نکلسن نے کہا کہ طالبان میدان جنگ میں امریکا سے نہیں جیت سکتے، لہذا انہیں چاہیے کہ ہتھیار پھینک کر امن عمل میں شامل ہوجائیں، ہم افغان جنگ نہیں ہاریں گے کیونکہ ہماری قومی سلامتی کا دار و مدار ہی اس جنگ پر ہے۔ جنرل جان نکلسن نے پاکستان کو طالبان کی محفوظ پناہ گاہیں ختم کرنے پر آمادہ کرنے کےلیے پاکستان سے مذاکرات کا آغاز بھی ہوچکا ہے۔

امریکی کمانڈر نے افغانستان میں داعش اور القاعدہ کی باقیات کو کچلنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور نیٹو کے نئے فوجی مشیروں کے ذریعے افغانستان میں تربیتی مشنز اور افغان فضائیہ و اسپیشل دستوں میں توسیع کی جائے گی۔ انہوں نے ٹرمپ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ صدر نے افغانستان میں امریکی مشنز ختم کرنے کے لیے اپنی مرضی کی کوئی ڈیڈ لائن فوج کو نہیں دی جب کہ نئی پالیسی ہمارے مستقل عزم کا ثبوت ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئی پالیسی میں مزید ہزاروں امریکی فوجی افغانستان بھیجنے کی منظوری دے دی ہے۔
Load Next Story