قطر نے ایران سے سفارتی تعلقات بحال کر لیے

ہر شعبے میں ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں، قطری وزارت خارجہ

قطری سفیر جلد تہران میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔ فوٹو: فائل

قطر نے سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کے مطالبات کو نظر انداز کرتے ہوئے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات دوبارہ بحال کر لیے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق قطر کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قطری سفیر جلد تہران واپس جائیں گے اور وہاں اپنی سفارتی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ قطر ہر شعبے میں ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب سمیت 7 مسلم ممالک نے قطر سے تعلقات منقطع کردیے


تہران نے بھی قطری سفیر کی واپسی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پڑوسی ممالک بھی تعلقات میں بہتری کے لیے تعمیری اقدامات اٹھائیں گے تو یہ قابل ستائش ہو گا۔

ادھر عریبیئن گلف سینٹر برائے ایرانی اسٹیڈیز کے چیئرمین محمد السلامی کا کہنا ہے کہ قطری سفیر کی تہران واپسی اس بات کا ثبوت ہے کہ دوحا اور تہران کے درمیان پس پردہ تعاون جاری ہے۔

یاد رہے کہ رواں برس 5 جون کو سعودی عرب، مصر، بحرین، یمن، متحدہ عرب امارات اور مالدیپ نے قطر پر دہشت گردی کی حمایت کے الزامات عائد کرتے ہوئے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ وہ ایران سے تعلقات منقطع کرے۔

تاہم اب قطر نے ایران سے سفارتی تعلقات بحال کر لیے ہیں البتہ قطری وزارت خارجہ کے بیان میں تعلقات کی بحالی کی وجہ نہیں بتائی گئی اور نہ ہی اس میں خلیجی ممالک سے تنازع کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ قطر نے گزشتہ برس ایران میں دو سعودی سفارتکاروں کے قتل کے بعد سعودی عرب سے اظہار یکجہتی کے طور پر تہران سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا تھا۔
Load Next Story