پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھاربارشیں سیلاب کا خدشہ

بارش کے باعث ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی سطح بڑھنے پر پاک فوج کے دستے نشیبی علاقوں میں تعینات کردیئے گئے


ویب ڈیسک August 25, 2017
 گھروں، دکانوں اور مارکیٹوں میں  بھی بارش کا پانی داخل ہوگیا: فوٹو: فائل

صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں صبح سے جاری بارش نے جہاں موسم خوشگواربنادیا ہے وہیں ندی نالوں اوردریاؤں میں پانی کے سطح بلند ہونے پرسیلاب کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ چند روز سے گرمی کا زور تھا لیکن جمعے کی علی الصبح سے ابررحمت برسنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کی وجہ سے گرمی کے مارے لوگوں نے سکون کا سانس لیا ہے۔ پنجاب میں صبح 10 بجے تک سب سے زیادہ بارش راولپنڈی کے علاقے شمس آباد میں 86 ملی میٹر، چکلالہ میں 70، اسلام آباد میں بوکرہ کے مقام پر85، گولڑہ میں 50، زیروپوائنٹ میں 39 جب کہ سیدپورمیں 23 ملی میٹر، سیالکوٹ سٹی میں 78، منڈی بہاوٰالدین میں 73، منگلا میں 35، جہلم 34، مری 27، گجرات22، چکوال 16، قصور 15، گوجرانوالہ 13، کامرہ12 جب کہ لاہور میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

لاہور اور گردونواح میں صبح سویرے موسلا دھار بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے گرم موسم کی رُت ہی بدل گئی۔ موسم خوشگوار ہوا تو گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا لیکن اس کے ساتھ ہی کئی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں اور سرکاری عمارات میں داخل ہوگیا ہے۔ ہولی فیملی اسپتال کے ڈینگی وارڈ میں بارش کا پانی داخل ہونے سے مریضوں، تیمارداروں اورطبی عملے کومشکلات کا سامنا ہے تاہم اسپتال انتظامیہ نکاسی آب کا انتظام نہ کرسکی۔

راولپنڈی اوراسلام آباد میں صبح پانچ بجے کے قریب ہونے والی تیزبارش نے جل تھل ایک کردیا، راولپنڈی کے بعض نشیبی علاقے زیرآب آگئے اورمختلف شاہراؤں اورگلیوں میں پانی کھڑا ہوگیا، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری طرف بے نظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پربارش کا پانی انٹرنیشنل ڈیپارچرلاؤنج سمیت تمام ٹرمینلزمیں داخل ہو گیا جس سے مسافروں کے سامان کو جزوی نقصان پہنچا۔ راولپنڈی سے گزرنے والے نالہ لئی میں پانی کی سطح 10 فٹ تک بلند ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے سیلاب کے خطرہ کے پیش نظر نشیبی علاقوں میں پاک فوج کے دستے تعینات کر دیئے گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا اور لاہور ڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ تیز جب کہ ملتان، ڈی جی خان، فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژن میں ہلکی بارش کا امکان ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں