جب شفاف انتخابات ہوئےپیپلزپارٹی کامیاب ہوئیکائرہ

نوازشریف ماضی سے سیکھتے ہوئے آگے بڑھنا چاہتے ہیں،شہبازشریف آڑے آتے ہیں

ویج ایوارڈکمیشن کیلیے نوٹیفکیشن پیرتک جاری ہوگا، ’’گیسٹ آف آنر‘‘میں اظہارخیال۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
وفاقی وزیراطلاعات و نشریات قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ نوازشریف ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے سیاست میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں لیکن وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف چوہدری نثار کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دیواریں کھڑی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

خادم اعلیٰ پنجاب 22 وزارتیں اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں جو کسی کو اقتدار اور عزت دینے کے عادی نہیں، پنجاب میں شیرشاہ سوری بننے کے خواب دیکھنے والے قوانین کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں، پنجاب کے حکمرانوں نے پروجیکٹس بنانے میں پیپرا قوانین پر کتنا عمل کیا ہے، آنے والے وقت میں ضرور پوچھا جائے گا۔ وہ جمعے کو لاہور پریس کلب کے پروگرام ''گیسٹ آف آنر'' میں اظہار خیال کر رہے تھے۔




قمرزمان کائرہ نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی ملک میں شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات ہوئے تو عوام نے پاکستان پیپلزپارٹی کو ووٹ دے کر کامیاب کیا۔ انھوں نے کہاکہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ملک میں بہت سے مسائل موجود تھے جن میں سے کچھ حل ہوئے اور کچھ حل نہ ہو سکے۔ حکومت نے توانائی کے بحران، دہشت گردی کے خاتمے اور دیگر مسائل کے حل کیلیے سیاسی قوتوں کو اکٹھا کیا لیکن بدقسمتی سے کچھ لوگوں کا اعتماد مفاہمت سے اٹھ گیا اور وہ حکومت سے الگ ہو گئے۔

انھوں نے کہاکہ ہمارے ناقدین ہم پر اعتراض کرتے ہیں کہ حکومت نے ملک کو تباہ کر دیا لیکن سوچنے کی بات یہ ہے کہ وہی لوگ باتیں کر رہے ہیں جو ملک کو آمر کے حوالے کر کے خود باہر چلے گئے تھے جس کی وجہ سے ملک کمزور ہوا۔ اب انھی کی طرف سے یہ نعرہ لگانا ''بدلا ہے پنجاب، اب بدلیں گے پاکستان''مضحکہ خیز ہے۔ ویج ایوارڈ کے حوالے سے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اس سلسلے میں کمیشن کے ارکان کی تعیناتی کیلیے پیر تک نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائیگا۔ انھوںنے کہا کہ صحافیوں کیلیے قائم وکٹم فنڈ کیلیے فنڈز کا مسئلہ بھی آئندہ ہفتے تک حل ہو جائیگا۔
Load Next Story