کیوی بورڈ کی بے رُخی نیشام ایک لاکھ ڈالر سے محروم رہ گئے

این اوسی نہ ملنے پرآل راؤنڈر پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون میں شامل نہ ہو سکے


Sports Desk August 26, 2017
پین خدشات جھٹک کرکھیلنے کیلیے تیار، تمیم نے شمولیت باعث فخر قرار دے دی۔ فوٹو : فائل

کیوی بورڈ کی بے رخی نے جمی نیشام کو ایک لاکھ ڈالر سے محروم کردیا۔

پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون کے کوچ اینڈی فلاور کھلاڑیوں کے انتخاب کی ذمہ داری بھی نبھا رہے تھے۔ ان کی جمی نیشام کے ساتھ بات چیت اور ایک لاکھ ڈالر معاوضہ بھی طے ہوچکا تھا،مگر زیر معاہدہ کھلاڑی ہونے کی وجہ سے انھیں نیوزی لینڈ کرکٹ سے این اوسی درکار تھا،آل راؤنڈر کی درخواست 3ہفتے تک بورڈ کے پاس موجود رہی، بالآخر اجازت دینے سے انکار کردیا گیا۔

قواعد کے مطابق کھلاڑی کی بہتری کو پیش نظر رکھتے ہوئے بورڈ کو این او سی نہ دینے کا اختیار حاصل ہے،اب دیگر 6ملکوں سے تعلق رکھنے والے 14 کرکٹرز پر مشتمل ورلڈ الیون میں نیوزی لینڈ کے ایک کھلاڑی گرانٹ ایلوئیٹ شامل ہیں جو سینٹرل کنٹریکٹ کے حامل نہیں۔

اینڈی فلاور کا کہنا ہے کہ جمی نیشام ابتدائی فہرست میں شامل تھے لیکن اجازت نہ ملنے کی وجہ سے انھیں اسکواڈ کا حصہ نہیں بنا سکے۔دوسری جانب ٹیم میں شامل آسٹریلوی کرکٹر ٹم پین کا کہنا ہے کہ اینڈی فلاور نے مجھ سے 3 ماہ قبل رابطہ کیا تھا،سیریز پاکستان میں ہونے کی وجہ سے فوری طور پر ہاں نہیں کہہ سکا، بعد ازاں اس ٹور میں آئی سی سی کے سیکیورٹی ماہرین کے کردار سے آگاہ کیا گیا تو راضی ہوگیا۔ ان کے تجربے اور صلاحیتوں پر اعتماد اور امید ہے کہ وہاں انتہائی سخت حفاظتی انتطامات ہونگے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ مجھ سمیت ساتھی کرکٹر جارج بیلی اس اہم ایونٹ کا حصہ بننے پر خوش ہیں، کوشش ہوگی کہ اچھی کارکردگی کی بدولت کینگرو ٹیم میں واپسی کیلیے راہ ہموار کروں۔

دوسری جانب بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال نے کہاکہ ورلڈ الیون میں شمولیت باعث فخر ہے،ٹیسٹ کھیلنے والے تمام ملک ایک خاندان ہیں، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے کسی کو تو مدد کرنا تھی،یہ پہلا قدم ہے،امید کرتا ہوں مثبت سمت میں پیش رفت جاری رہے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔