ہالا پولیس پر خواتین کا حملہ اسلحہ چھین لیا تشدد سے 2 اہلکار زخمی

 ماچھی برادری کی خواتین نے چھاپے میں پکڑا گیا مفرورملزم بھی چھڑا لیا


Nama Nigar August 27, 2017
بھاری نفری کا محاصرہ، گھر گھر تلاشی، معمر خاتون ہلاک۔ فوٹو: فائل

پولیس کا مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ، ماچھی برادری کی خواتین کا پولیس کا حملہ، 2 اہلکاروں کا اسلحہ چھین لیا، تشدد کے بعد ملزم کو چھڑا لیا۔

پرانا ہالا پولیس کے اے ایس آئی عبدالکریم ڈاہری اور اہلکار مبین راجپوت نے گاؤں پیروں کے لانڈیوں میں متعدد مقدمات میں مفرور ملزم صاحب ڈنو ماچھی کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا اور گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری پر علاقے کی خواتین نے اہلکاروں پر لاٹھیوں اوراینٹوں سے حملہ کر دیا اور انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اسلحہ چھین لیا اور ملزم کو چھڑا کر فرار ہوگئیں۔ اطلاع پر ایس ایس پی مٹیاری سید امداد علی شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جس پر ضلع بھرسے پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ گھرگھر تلاشی لی،فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے اور اے ایس آئی سے چھینی گئی کلاشنکوف برآمد کر لی جبکہ ملزم کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں سے تشویشناک حالت میں مبین راجپوت کو حیدرآباد کے سول اسپتال ریفر کر دیا گیا۔

دوسری جانب دیہاتیوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس چھاپے اور تشدد کے باعث 70 سالہ خاتون بیگم ماچھی انتقال کرگئی جس کی لاش کو تعلقہ اسپتال ہالا پہنچایاگیا۔ ماچھی برادری نے الزام عائد کیا کہ ان کی خاتون کو پولیس اہلکاروں نے تشدد کرکے مارا ہے۔

ایس ایس پی نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ہالا پرانا تھانے کے اہلکار معمول کے گشت پر تھے کہ انہوں کئی مقدمات میں مفرور ملزم صاحب ڈنو ماچھی کو دیکھا اور اسے گرفتار کر لیا۔ جس پر اس کی برادری کی سیکڑوں خواتین نے پولیس پر قاتلانہ حملہ کردیا اور شدید تشدد کا نشانہ بناکر ملزم کو چھڑا لیا جب کہ ملزمان خود کو بچانے کے لیے واقعے سے قبل فوت ہونے والی خاتون کی لاش کا سہارا لے رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں