کیپ ٹاؤن ٹیسٹ پاکستان کو دوسری اننگز میں 112 رنز کی برتری حاصل

مصباح الحق 36 اور اظہر علی 45 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں، پہلی اننگز میں جنوبی افقہ کی ٹیم 326 بناکر آؤٹ ہوئی۔


ویب ڈیسک February 16, 2013
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ: دوسری اننگز میں اظہر علی شاٹ کھیلتے ہوئے۔ فوٹو: اے ایف پی

دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستانی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بناکر 112 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی۔

جنوبی افریقہ کے خلاف 12 رنز کی برتری کے ساتھ پاکستان نے دوسری اننگز شروع کی تو پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی قومی ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا، دونوں اوپنرز محمد حفیظ اور ناصر جمشید اپنا کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے جبکہ پہلی اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے یونس خان دوسری اننگز میں 14 رنز بنا کر ڈیل اسٹین کا شکار بن گئے۔ یونس خان کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان مصباح الحق اور اظہر علی پروٹیز کے سامنے ڈٹ گئے اور ٹیم کو مایوسی سے بچالیا۔ کھیل کے اختتام تک مصباح الحق 36 اور اظہر علی 45 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے 5 وکٹوں پر 139 رنز کے ساتھ اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو پوری ٹیم 326 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ نامکمل اننگز کے آغاز پر وکٹ کیپر ابراہم ڈی ویلیئرز اور ایلگر کریز پر موجود تھے۔ دونوں کھلاڑیوں نے اسکور کو 164 رنز پر پہنچایا تو 23 رنز بنانے والے ایلگر سعید اجمل کا چھٹا شکار بنے جس کے بعد پیٹرسن نے ڈی ویلیئرز کا ساتھ نبھایا اور اسکور کو 210 رنز تک لے گئے، ابراہم ڈی ولیئرز محمد عرفان کی پہلی ٹیسٹ وکٹ بنے، انہوں نے61 رنز کی اننگز کھیلی، فلینڈر 22 اور ڈیل اسٹین نے 10 رنز بنائے وہ بھی محمد عرفان کا ہی شکار بنے، 88 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلنے والے پیٹرسن کو محمد حفیظ نے پویلین کی راہ دکھائی، پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے 6 اور محمد عرفان نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد حفیظ کے ہاتھ ایک وکٹ لگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں