دنیا کے عجیب و غریب تہوار اور میلے

برطانیہ میں چہرہ بگاڑنے جب کہ اسپین میں معصوم بچوں کے اوپر سے پھلانگنے کا تہوار دلچسپی سے دیکھا جاتا ہے


ویب ڈیسک August 28, 2017
دنیا بھر میں عجیب و غریب اور دلچسپ مقابلے اور فیسٹول بڑی تعداد میں سیاحوں کی دلچسپی کی وجہ بنتے ہیں۔ فوٹو: فائل

دنیا بھر میں عجیب و غریب تفریحی میلے اور تہواور منعقد کئے جاتے ہیں۔ ان میں عوام کی تفریح و طبع کا پہلو تو ہوتا ہے لیکن ساتھ ہی ان میں بہت سے دلچسپ پہلو بھی نمایاں ہیں جو اس مقام کی تاریخ کو بھی بیان کرتے ہیں۔



بدصورتی کی ٹرافی

برطانوی علاقے کمبریا میں منہ بدصورت بنانے نے کا ایک مقابلہ ہرسال 15 ستمبر میں کیا جاتا ہے۔ اس میں اکثر بغیر دانتوں والے افراد جیت جاتے ہیں۔



نومولود بچوں کو پھلانگنے کی تقریب

اسپین میں ہر سال بچوں کو پھلانگنے کا تہوار منایا جاتا ہے جسے 'ایل کولاکو' کہا جاتا ہے۔ اس میں 12 ماہ سے کم بچوں کو فرش پر آرام دہ گدوں پر لٹایا جاتا ہے۔ اس کے بعد پیلے اور سرخ لباس میں ملبوس ایک شخص کو بطور شیطان یا بلا کے طور پر پیش کیا جاتا ہے جو ایک وقت میں کئی بچوں کو اوپر سے پھلانگ سے گزر جاتا ہے۔

1620 سے یہ میلہ اسپین کے صوبے بارگوس میں جاری ہے لیکن اس کے آغاز کی کوئی تفصیل نہیں ملتی تاہم اس کا مقصد بچوں سے بلائیں اور مصیبتیں اتارنا ہے تاکہ وہ ایک بہتر زندگی گزار سکیں۔



پنیر کے پیچھے لڑھکتے جاؤ

گلوکیسٹر، برطانیہ میں ہرسال موسمِ بہار میں ایک پہاڑی سے پنیر کا ڈبہ لڑھکایا جاتا ہے جس کے پیچھے سینکڑوں افراد بھی اسے قابو کرنے کے لیے پہاڑ سے لڑھکتے جاتے ہیں۔ اس تقریب کو 'کوپر ہِل چیزرولنگ اینڈ ویک' کا نام دیا گیا ہے۔

اب دنیا بھر کے لوگ اس مقابلے میں شریک ہوتے ہیں اور اس دوران بہت سے لوگ چوٹیں بھی کھاتے ہیں۔ پہلے پانچ پونڈ پنیر کا ایک ٹکڑا اس میں استعمال کیا جاتا تھا لیکن اب اس کی جگہ فوم کا ایک گول ٹکڑا استعمال کیا جاتا ہے اور جو اسے پہلے گرفت کر لے اسے انعام دیا جاتا ہے۔ تاہم اب بھی لوگوں کو تیزی سے گرانے والے اس مقابلے میں لوگ عدم توازن سے گرتے ہیں اور زخمی ہوتے ہیں جیسا کہ اوپر کی تصویر سے ظاہر ہے۔



اونٹوں کی کُشتی

ترکی میں ہر سال اونٹوں کی کُشتی کرائی جاتی ہے۔ اس میں باری باری دو اونٹوں کو لڑایا جاتا ہے۔ یہاں تک کہ ایک اونٹ تھک کر نیچے گرجاتا ہے یا میدان سے بھاگ جاتا ہے۔



بیگم بھاگ دوڑ

فن لینڈ، آسٹریا، آسٹریلیا، ایسٹونیا اور دیگر علاقوں میں ہر سال بیگم کو پیٹھ پر سوار کر کے دوڑنے کا مقابلہ منعقد کیا جاتا ہے۔ کچھ ممالک میں جیتنے والے کو رقم ملتی ہے جبکہ فن لینڈ میں اسے بیگم کے وزن کے برابر شراب ملتی ہے۔ عموماً دوڑنے کا میدان 253 میٹر طویل ہوتا ہے۔ دو راستے خشک اور ایک راستہ پانی سے بھرا ہوتا ہے اور شریک کی کم سے کم عمر 17 سال معین کی جاتی ہے۔



شبِ گاجر

میکسیکور میں ہر سال 23 دسمبر کو اوکساکا کے علاقے میں کسان اور سبزی فروش غیرمعمولی طور پر بڑی گاجروں کو خوبصورت اشکال اور اشیا کی شکل دیتے ہیں۔ یہ رسم 1897 سے اب تک جاری ہے جس میں سب سے بہترین تخلیق کار کو انعام دیا جاتا ہے۔ بعض ماہرین اس سے ایک خوبصورت منظر مثلاً گھر اور دیہات کا ماحول پیش کرتے ہیں۔ اس تہوار کو گاجر کی رات کا کہا جاتا ہے۔



انگوٹھے لڑایئے

عید کے تہواروں میں پاکستان کے شہر کوئٹہ میں انڈے لڑانے کا مقابلہ تو آپ نے دیکھا ہو گا لیکن برطانیہ میں ہر سال 25 اگست کو پاؤں کے انگوٹھے لڑانے کا مقابلہ ہوتا ہے جسے 'ٹوڈیم' کہا جاتا ہے۔ اس میں شرکت کی فیس قریباً 200 پاکستانی روپے ہے۔ اس مقابلے میں دو افراد ایک دوسرے کے مخالف بیٹھتے ہیں اور انگوٹھے کو گرفت میں لے کر دھکیلنے کی کوشش کرتے ہیں جس کا انگوٹھا فریم سے ٹکرا جائے یا باہر آ جائے وہ مقابلہ ہار جاتا ہے۔ اس کی رقم کئی فلاحی اداروں کو دی جاتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں