امریکا میں تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک

سب سے زیادہ تباہی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں ہوئی


ویب ڈیسک August 27, 2017
ٹیکساس میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی اور نشیبی علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ فوٹو : اے ایف پی

امریکی ریاست ٹیکساس میں سمندری طوفان ہاروے کے نتیجے میں آنے والے تباہ کن سیلاب میں 5 افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق طوفان کے نتیجے میں ٹیکساس میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی اور نشیبی علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی۔ امریکا کی نیشنل ویدر سروس کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ ٹیکساس کا شہر ہیوسٹن متاثر ہوا ہے جہاں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے جب کہ سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہے اور سفر کرنا تقریباً نا ممکن ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا خوفناک سمندری طوفان کی زد میں، ہزاروں لوگوں کی نقل مکانی

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہیوسٹن میں 24.1 انچ بارش ریکارڈ کی گئی جس کی وجہ سے ہزاروں افراد گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے جب کہ اب تک ایک ہزار کے قریب افراد کو امدادی عملے کی جانب سے ریسکیو کیا جا چکا ہے۔ تیز ہواؤں اور مسلسل بارش کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ہزاروں افراد بجلی کی فراہمی سے بھی محروم ہو گئے ہیں۔

ٹیکساس کے گورنر ایبٹ نے ریسکیو اور تعمیر نو آپریشن کے لیے 1800 فوجی اہلکاروں کو متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کر دیا ہے جب کہ ان کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران مزید بارشوں کا بھی امکان ہے۔ خیال رہے کہ ہیوسٹن امریکا کے گنجان آباد ترین شہروں میں سے ایک ہے جس کی آبادی تقریباً 66 لاکھ کے قریب ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔