افغان صوبے ہلمند میں خود کش دھماکے میں 13 افراد ہلاک

ہلاک ہونے والوں میں سیکیورٹی اہلکار اور عام شہری شامل ہیں، ترجمان گورنر ہاؤس


ویب ڈیسک August 28, 2017
خود کش حملہ آور نے ہلمند کے ضلع نوا میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ فوٹو : فائل

افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں خود کش بم دھماکے کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ہلمند کے گورنر کے ترجمان عمر زواک نے بتایا کہ خود کش حملہ آور نے ہلمند کے ضلع نوا کی ایک پر ہجوم مارکیٹ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں افغان فوجیوں اور عام شہریوں سمیت 13 افراد ہلاک ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ کسی تنظیم نے فی الحال حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

خیال رہے کہ ضلع نوا میں طالبان کا خاصا اثر و رسوخ رہا ہے تاہم جولائی میں افغان فورسز نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے ضلع کا کنٹرول طالبان سے چھڑا لیا ہے البتہ اس کے بعد بھی یہاں جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ چند روز قبل لشکر گاہ میں بھی خود کش دھماکا ہوا تھا جس میں 7 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہو گئے تھے۔

رواں ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی نئی افغان پالیسی میں اعلان کیا تھا کہ افغانستان میں موجود امریکی فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا جبکہ طالبان نے دھمکی دے رکھی ہے کہ جب تک ایک بھی امریکی فوجی افغان سرزمین میں موجود ہے تو وہ جنگ جاری رکھیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔